• news

پاکستانی ندا ڈار آئی سی سی ویمن ٹیم آف دی ایئر میں شامل

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان ویمن ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹیم آف دی ایئر 2019 میں شامل کرلیا گیا ہے اور وہ اس سال آئی سی سی کی کسی بھی ٹیم میں شامل واحد پاکستانی خاتون کرکٹر ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے منگل کو سال کے بہترین کھلاڑیوں کے ایوارڈز کا اعلان کیا جس میں آسٹریلین آل راؤنڈر ایلسے پیری کو سال کی بہترین خاتون کرکٹر قرار دیا گیا۔ویمن ٹی ٹونٹی ٹیم آف دی ایئر میں پاکستان کی آل راونڈر ندا ڈار بھی شامل ہیں، انہوں نے سال میں نو میچز کے دوران 272 رنز بنائے اور آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے اس سال آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ میں بھی شرکت کی۔ندا ڈار نے آئی سی سی ٹیم آف دی ایئر میں منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اس انداز میں اس کی صلاحیت اور کارکردگی کا اعتراف کیا جائے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی آئی سی سی ٹیم میں شمولیت سے دوسرے پلیئرز کے بھی حوصلے بلند ہوں گے۔اس موقع پر ندا ڈار نے اپنی ساتھی کرکٹرز، موجودہ اور سابق کپتانوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہر کسی نے انہیں ہر موقع پر سپورٹ کی جس کی وجہ سے ان کی کارکردگی بہتر ہوتی رہی۔

ای پیپر-دی نیشن