سلیکشن کمیٹی کو فری ہینڈ، ہاکی کی ترقی کیلئے ہنگامی اقدامات شروع کرینگے: آصف باجوہ
لاہور(چودھری اشرف) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپیئن آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ جونیئر ہاکی ٹیم کو ایشیا کپ کی تیاری فراہم کرنے کے لیے سینئر ٹیم کے خلاف میچز کرانے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر پی ایچ ایف بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کی ہدایت پر گراس روٹ لیول پر ہاکی کی ترقی کیلئے ہنگامی اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں حال ہی میں جونیئر ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد کرایا گیا جس میں ملک بھر سے انیس ٹیموں نے شرکت کی۔ آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کوہ مالی مسائل کا سامنا ضرور ہے اس کے باوجود بھی ہاکی کی ترقی کے لیے اقدامات جاری رکھے جا رہے ہیں۔ ملک میں ہاکی کا ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے جو اس بات کے منتظر ہیں کہ انہیں کھیل کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ جونیئر ہاکی ٹیم کی مینجمنٹ کیلئے مشاورت جاری ہے، ایسے افراد کو ٹیم مینجمنٹ میں شامل کیا جائے گا جو نوجوان کھلاڑیوں کی خامیوں پر قابو پا سکیں۔ ہمارے پاس ایسے نوجوان کوچز بھی موجود ہیں جو قومی کھیل کی ترقی کے لیے کام کرنے کو تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا اولین ہدف جونیئر ایشیا کپ ہے جو جونیئر ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ راونڈ بھی ہے۔ جونیئر ٹیم کے انتخاب کے لیے جلد تربیتی کیمپ لگایا جائے گا اس سلسلہ میں نیشنل جونیئر ہاکی چیمپیئن شپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی فہرست پر نظرثانی کی جا رہی ہے تاکہ میرٹ پر کھلاڑیوں کو بلایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سطح پر جونیئر کھلاڑیوں کی تلاش کے لیے سلیکشن کمیٹی کو فری ہینڈ دیا ہے کہ وہ مختلف اضلاع کے دورے کر کے وہاں سے نیا ٹیلنٹ تلاش کر کے لائیں۔