• news

عارف علوی سے صدر ایشین بنک کی ملاقات‘ پاکستان کی ترقی کے عزم کا اظہار

اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایشیئن انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر جن لیکون نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایشیئن انفراسٹرکچر بینک کے صدر نے کہا کہ ان کا بینک پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے حوالہ سے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ انہوں نے صدر مملکت کو بتایا کہ اے آئی آئی بی نے حکومت پاکستان کی ترجیحات کے مطابق متعدد ترقیاتی منصوبوں کو فنانس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔موجودہ دورہ سے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ضروریات کے ساتھ ساتھ حکومت کی ترجیحات کو بھی سمجھنے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے اے آئی آئی بی کی پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں معاونت کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے اور غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے سلسلہ میں جامع فریم ورک فراہم کرنے کیلئے پاکستان کی سرمایہ کاری پالیسی تشکیل دی گئی ہے۔ دریں اثناء ایوان صدر میں ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے بارے میں ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ چوتھے صنعتی انقلاب کی صورت میں بین الادارہ جاتی اہمیت رکھتی ہیں۔ حکومت ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبہ میں مختلف سٹارٹ اپس کے ذریعے جدت کے ماحول کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے۔ پاکستان میں اگلی دہائی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کے انقلاب کی دہائی ہو گی جو مستقبل پر مبنی ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی حامل ہو گی۔ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز جدید دنیا کے تمام شعبوں میں شامل ہو رہی ہیں۔ مصنوعی ذہانت کے شعبہ میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن