• news

بھارتی امتیازی شہریت بل عالمی برادری کیلئے چیلنج‘ مسلم حکمران خاموش ہیں: سراج الحق

لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 22 دسمبر کو اسلام آباد کشمیر مارچ پاکستان کے22 کروڑ عوام کی کشمیریوں کے ساتھ محبت اور یکجہتی کا شاندارہ مظاہرہ ہوگا جس میں ملک بھر سے لاکھوں لوگ شریک ہوں گے اور حکمرانوں کے سوئے ہوئے ضمیر کو جگانے کی کوشش کریں گے۔ کشمیر میں بدترین کرفیو اور محاصر ے کو 140 دن گزر گئے مگر ہمارے حکمرا ن ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں اور اسلام آباد میں زندگی کی کوئی رمق دکھائی نہیں دیتی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 5 اگست کو بھارتی اقدام کے خلاف پوری دنیا سے رابطوں کا وقت اور ضرورت تھی مگر حکمران سوئے رہے اور محض ٹیلی فون کالوں پر اکتفا کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے جامعہ ملیہ میں مسلمان طالبات کے ہاسٹل پر پولیس کے دھاوے اور بچیوں پر بہیمانہ تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عالم اسلام کے حکمرانوں کے لیے باعث شرم ہے۔ پورے بھارت میں مسلمانوں پر بدترین مظالم اور انہیں بھارت بدر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ان حالات میں 58 کے قریب مسلم ممالک کے حکمرانوں کا فرض تھاکہ وہ مشترکہ طور پر اقوام متحدہ میں اس ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے لیکن عالم اسلام میں موت کی سی خاموشی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن