• news

ادارے آئینی دائرے میں رہیں، تصادم ملکی مفاد میں نہیں، بیرونی قوتوں کی سازش ناکام ہوگی: عمران

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اداروں کے درمیان کسی قسم کا تصادم ملکی مفاد میں نہیں۔ حکومت قانون اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ ادارے آئینی وقانونی دائرہ اختیار میں رہ کر فرائض سرانجام دیں۔ افواج پاکستان نے ملک میں امن قائم کرنے میں بھرپور کردارادا کیا ہے۔ افواج کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں یہ بات پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو بدھ کو ان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سا بق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے کیس سے متعلق عدالتی فیصلے کا جائزہ لیا گیا اور آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع بارے قانون سازی پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کور کمیٹی اداروں میں ہم آہنگی بڑھانے کیلئے کردارادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کی آئینی وقانونی ذمہ داریوں میں معاونت یقینی بنائیں گے، بیرونی قوتوں کی سازش ناکام ہوگی ، ہمیں اتحاد ویکجہتی سے قومی مسائل کو حل کرنا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے تحریک انصاف کے تمام ترجمانوں کو خصوصی عدالت اور سپریم کورٹ کے فیصلوں پر بیانات نہ دیں۔ ہمیں افواج پاکستان کی قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ اجلاس میں ملکی سیاسی ومعاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔ قانونی ٹیم نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع اور سابق آرمی چیف سے متعلق خصوصی عدالت کے فیصلے پر تفصیلی بریفنگ دی ۔چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری سے متعلق بھی مشاورت کی گئی ۔وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ کرنے اور ملائیشیا نہ جانے پر کور کمیٹی کو اعتماد میں لیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسان ڈے پر چھوٹے کسانوں کو سہولیات دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، کسانوں کو احساس پروگرام میں بھی شامل کریں گے۔بدھ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کسان ڈے پر چھوٹے کسانوں کو سہولیات دینے کے عزم کااعادہ کرتا ہوں اور فصلوں کی پیداوار بڑھنے، مناسب قیمت اور مارکیٹوں تک رسائی کیلئے سہولیات دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کسانوں کو احساس پروگرام میں بھی شامل کریں گے۔
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے پارلیمانی کمیٹی کو الیکشن کمیشن کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے ٹاسک دے دیا ہے، ریگولیٹر کی تعیناتی کسی کی خواہش پر نہیں ہونی چاہئے، دو جماعتوں کا مل بیٹھ کر الیکشن کمشنر لگانا غیر منصفانہ ہے،افراد سے زیادہ ادارہ اہم ہونا چاہئے، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ پارلیمنٹ میں اتفاق رائے سے کیا جائے گا ،قومی دفاع سے متعلق اہم ادارے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے مریم نواز کی بیرون ملک جانے کی خواہش کو قانون کے مطابق دیکھا جائے گا،حکومت ذیلی کمیٹی کی سفارشات کے مطابق فیصلہ کرے گی ۔بدھ کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ادارے ریاست کا ستون ہیں،ریاست کا مفاد ہر حال میں مقدم ہے، قانون و آئین کے ساتھ کھڑے ہونگے، پاکستان کسی ایک ملک کے ساتھ نہیں بلکہ پوری امہ کے مفاد کے ساتھ کھڑا ہوگا،او آئی سی کے پلیٹ فارم سے 57 مسلم ممالک جڑے ہیں،پاکستان امت مسلمہ کو یکجا کرنے کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے،پاکستان مسئلہ کا حصہ بننے کے بجائے مسلئے کا حل نکالنے کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے ، قانون سے بالاتر اور مقدس گائے کوئی نہیں، وزیراعظم نے کہا کہ انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہمارے منشور کا اہم جزو ہے،ہر خاص و عام کے لیے یکساں قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہے، بابراعوان اور علی ظفر نے کور کمیٹی کو سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف فیصلے پر تفصیلی بریفنگ دی ہے ،قانونی ٹیم نے مشرف کیس کے فیصلے میں موجود قانونی سقم سے کور کمیٹی کو آگاہ کیا،عدالتی فیصلوں پر قانونی ٹیم مزید مشاورت کرکے قیادت و کابینہ کو آگاہ کرے گی۔وزیراعظم نے کہا پاکستان کے ادارے ریاست کا ستون ہیں،ریاست کا مفاد ہر حال میں مقدم ہے، قانون و آئین کے ساتھ کھڑے ہونگے، وزیراعظم کے دورہ ملائیشیا کے حوالے سے کچھ غلط معلومات میڈیا کی زینت بنی رہیں اور قیاس آرئیاں کی جاتی رہی ،وزیراعظم نے ملائشیا دورہ منسوخ کرنے کی وجوہات کور کمیٹی کو بتائیں ،پاکستان کسی ایک ملک کے ساتھ نہیں بلکہ پوری امہ کے مفاد کے ساتھ کھڑا ہوگا،او آئی سی کے پلیٹ فارم سے 57 مسلم ممالک جڑے ہیں،پاکستان امت مسلمہ کو یکجا کرنے کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے،پاکستان مسئلہ کا حصہ بننے کے بجائے مسلئے کا حل نکالنے کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے ،پاکستان اس سے پہلے ملائیشیا میں ہونے والی چار کانفرنس میں پاکستان مدعو نہیں تھا،پاکستان تمام مسلمان بھائیوں کو اکھٹا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا معاملہ مسلسل تاخیر کا شکار ہورہا ہے۔اجلاس میں انصاف لائرز ونگ کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ،جہاں جہاں لاء آفیسرز کی آسامیاں خالی ہیں وہاں تعیناتیاں کی جائیں، اجلاس میں مریم نواز کی بیرون ملک روانگی کی درخواست پر بھی کور کمیٹی میں بات ہوئی ہے ،وزیراعظم اور کور کمیٹی نے کہا ہے قانون سے بالاتر اور مقدس گائے کوئی نہیں،مریم نواز کی بیرون ملک جانے کی خواہش کو قانون کے مطابق دیکھا جائے گا،حکومت ذیلی کمیٹی کی سفارشات کے مطابق فیصلہ کرے گی ،ہم خواہشات اور ارمانوں میں جکڑے قانون کو آزاد کریں گے۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردس عاشق اعوان نے کہا کہ کور کمیٹی بھارت کی جانب سے سٹیزن ایکٹ میں ترمیم کے مکروہ عمل کی مذمت کی گئی وزیراعظم نے ہندوستان حکومت کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے رکھا،انتہا پسندی کی سوچ کو ریاست کے لبادے میں چھپا کر اقلیتوں کو ٹھکانے لگانے کی سازش کو بے نقاب کیا،کور کمیٹی نے کشمیر کے مسلئے پر وزیراعظم کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔وزیراعظم عمران خان کی ترک صدر رجب طیب اردگان کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے ، سعودی عرب پاکستان کا دوست ملک ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔اجلاس میں وزیراعلی پنجاب نے دل کے اسپتال پر حملے سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن