چیف جسٹس نے مشرف کیس میں عدات کو ہدایت جاری نہیں کی منسوب خبریں گمراہ کن ہیں: ترجمان سپریم کورٹ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے مقدمے سے متعلق بعض ٹی وی چینلز اور اخبارات میں چیف جسٹس پاکستان سے منسوب غلط خبر چلائی گئی۔ ترجمان سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ٹی وی چینلز اور اخبارات میں یہ تاثر دیا گیا جیسے پرویز مشرف کے مقدمے میں چیف جسٹس ذاتی دلچسپی رکھتے تھے۔ اعلامیہ میں بتایا گیا معاملے سے متعلق وضاحت ضروری ہے۔ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف سے متعلق سپریم کورٹ نے مختلف فیصلے دیئے ہیں‘ تاہم خبر سے ایسا تاثر ملا جیسے چیف جسٹس خود اس مقدمے کو دیکھ رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے اعلامیے میں کہا گیا چیف جسٹس سے منسوب چلنے والی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں اور اب عدالت کی یہ وضاحت بھی اس طرح چلائی جائے جیسے خبر چلائی گئی۔ اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ کے مختلف بنچ پرویز مشرف کے مختلف کیسز سن رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے خصوصی عدالت کو کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔ چلنے والی خبریں سیاق و سباق سے ہٹ کر اور حقائق کے منافی ہیں۔ اعلامیے میں بتایا گیا ایسے موقع پر ایسی خبریں جان بوجھ کر گھڑی گئیں۔ خصوصی عدالت سے متعلق شائع خبریں من گھڑت ہیں۔ اعلامیے میں بتایا گیا چیف جسٹس اور صحافیوں کی ملاقات سے متعلق خبروں پر بھی سپریم کورٹ نے وضاحت کی ہے۔