• news

مشرف کی سزا کیخلاف مختلف شہروں میں ریلیاں، مظاہرے

لاہور/ گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر/ نمائندہ خصوصی) سابق آرمی چیف و صدر مملکت جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو خصوصی عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائے جانے کیخلاف لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، نارووال اور شور کوٹ میں ریلیاں نکالی گئیں۔ جبکہ گوجرانوالہ اور نارووال میں مظاہرے بھی کئے گئے جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ ریلیوں اور مظاہرے میں پرویز مشرف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے شدید نعرے بازی بھی کی گئی ۔ لاہور سے سٹاف رپورٹر کے مطابق پنجاب یونیورسٹی میں وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد کی زیر قیادت پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی ۔ ریلی میں پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر، فیکلٹیوں کے ڈینز، صدور شعبہ جات، اساتذہ اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا کہ اداروں کا مورال گرانے کے لئے مختلف عناصر پروپیگنڈہ کر رہے ہیں پنجاب یونیورسٹی اس ریلی کے ذریعے پروپیگنڈہ کرنے والے ان عناصر کو پیغام دینا چاہتی ہے کہ عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن کے لئے ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ گوجرانوالہ کے نمائندہ خصوصی مطابق مسلم لیگ ق کے زیر اہتمام سابق صدر مملکت وآرمی چیف پرویز مشرف کو سز ادینے کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی گئی سابق سٹی صدر مسلم لیگ ق ،ٹکٹ ہولڈر اکرام بابر کھوکھر ،چوہدری ارشد بریار،یوسف سلطانی اور دیگر عہدیداران وکارکنان نے پریس کلب کے باہر پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی اور ہاتھوں میں بینرز ،پلے کارڈ اٹھاکر نعرے بازی کی۔ساہیوال‘ چیچہ وطنی اور شورکوٹ میں سول سوسائٹی‘ یوتھ سٹوڈنٹس سوسائٹی‘ تاجروں اور رکشہ ڈرائیوروں نے ریلیاں‘ نکالیں جن کے دوران پرویز مشرف سے یکجہتی کے اظہار کیلئے شدید نعرے بازی کی گئی۔ نارووال میں سول سوسائٹی نے چوک ظفروال بائی پاس پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اور پلے کارڈز اٹھا کر پاک فوج کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ مظاہرے کی وجہ سے چوک ظفروال بائی پاس کے چاروں اطراف میں ٹریفک بلاک اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا رہا۔

ای پیپر-دی نیشن