رحیم یار خان کی شوگر ملوں نے گنے کی خریداری پر اجارہ داری قائم کرنا شروع کر دی ہے: حنیف گجر
لاہور (پ ر) پاکستان کسان موومنٹ کے صدر حنیف گجر نے رحیم یار خان اور گھوٹکی کے اضلاع کا دورہ سے واپسی پر کسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رحیم یار خان ضلع کی شوگر ملوں نے ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے گنے کی خریداری پر اجارہ داری قائم کرنا شروع کر دی ہے تاکہ گنا حکومتی اعلان کردہ امدادی قیمت 190 روپے فی من سے کم قیمت پر خریدا جا سکے انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان کی شوگر ملیں کسانوں سے گنا 180 سے 185 روپے فی من خرید رہی ہیں جبکہ حکومت نے کرشنگ سیزن 2019-20ء کیلئے گنے کی امدادی قیمت 190 روپے فی من مقرر کی ہے کسانوں کو رحیم یار خان سے باہ رآنے والے گنے کے خریداروں سے گنے کے اچھے نرخ مل رہے تھے لیکن اب ضلعی انتظامیہ چاہتی ہے کہ باہر سے آنے والے گنے کے خریداروں کو گرفتار کیا جائے۔