بینظیر کی جائے شہادت پر جلسہ پیغام ہے، پنڈی ہم پھر آرہے ہیں: بلاول
لاہور(نامہ نگار+لیڈی رپورٹر) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلاول ہاؤس لاہورمیں پیپلز پارٹی پنجاب کی خواتین عہدیداران سے ملاقات کی۔ ثمینہ خالد گھرکی، نرگس فیض ملک، عقیلہ اعوان، مسز رانا شوکت محمود، نرگس خان، ثمینہ پگانوالا، شمشاد انور، نجمی سلیم، تسلیم چوہدری، شہناز بیگم، پروین بیگم، شگفتہ بٹ، سکینہ چوہدری، سونیا خان، صغیرہ اسلام، نوربیگم اور بیگم پروین اختر سمیت دیگر خواتین عہدیداران بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر 27 دسمبر کو راولپنڈی میں شہید بینظیر بھٹو کے یوم شہادت کے حوالے سے تیاریوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی سیاست میں خواتین کے مؤثر کردار کی سب سے بڑی حامی ہے۔ 27 دسمبر کو پنڈی میں جلسے کے حوالے سے خواتین کارکنان گھر گھر جاکر پیغام پہنچائیں۔ شہید بینظیر بھٹو کی جائے شہادت پر جلسہ ایک پیغام ہے کہ پنڈی ہم پھر آرہے ہیں۔علاوہ ازیں پی پی خواتین ونگ کے اجلاس میں تنظیم سازی سمیت دیگر اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو سیاست میں خوش آمدید کہا میں جلد پنجاب میں کارکنوں سے ملاقات کرونگا۔ بلاول بھٹو زرداری سے مخدوم احمد محمود نے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ رکن صوبائی اسمبلی مخدوم مرتضیٰ مخدوم مصطفیٰ محمود بھی موجود تھے۔ مخدوم احمد محمود نے زرداری اور فریال تالپورکی رہائی پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مبارک باد پیش کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے رہنماؤں نے بلاول بھٹو زرداری کو بی بی شہید کی برسی کی تیاریوں پر بھی بریفنگ دی۔