• news

اثاثہ جات کیس: خورشید شاہ کیخلاف سوا ارب روپے کا ریفرنس دائر، 2 بیویوں، 2 بیٹوں سمیت 18 ملزم نامزد

سکھر(صباح نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ایک ارب 23 کروڑ کا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق خورشید شاہ کے خلاف نیب نے سوا ارب روپے کا ریفرنس دائر کر دیا۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ریفرنس میں 18 لوگوں کے نام شامل ہیں۔ریفرنس میں خورشید شاہ کی 2 بیگمات، 2 بیٹے فرخ شاہ، زیرک شاہ، خورشید شاہ کے بھتیجے اویس قادر شاہ کے علاوہ رحیم بخش اعوان، نثار احمد پٹھان، عبد الرزاق، محمد اکرم جنید قادر شاہ، محمد شعیب، طفیل احمد، زوہیب میر، ثاقب رضا اور محمد ثاقب کو نامزد کیا گیا ہے۔ریفرنس میں 600 ایکڑ زرعی زمین، متعدد اکاؤنٹس، کراچی اور سکھر میں پلاٹس کا بھی تذکرہ ہے، خیال رہے کہ خورشید شاہ کو دو روز قبل احتساب عدالت نے ریفرنس دائر نہ ہونے پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم احتساب عدالت کے جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث ان کی رہائی عمل میں نہ آ سکی تھی۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق نیب انکوائری میں رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ کے فرنٹ مین سمیت 3 ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔دوران سماعت نیب کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے ، تاہم انکوائری میں تاحال کوئی ثبوت نہیں ملا ہے لہذا ملزمان کے خلاف انکوائری ختم کرنے کے لیے رپورٹ ہیڈ آفس بھیج دی ۔نیب نے سندھ ہائیکورٹ سے استدعا کی کہ ہیڈ آفس سے جواب آنے تک کیس کی سماعت ملتوی کردی جائے۔نیب کی استدعا پر عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن