سیکرٹری بار کیخلاف نوٹس واپس، صورتحال سے تیسری قوت کو فائدہ نہیں اٹھانے دینگے: اسلام آباد ہائکیورٹ
اسلام آباد ( وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہڑتال کے دوران وکیلوں کو عدالت سے نکالنے والے ہائیکورٹ بار کے سیکرٹری عمیر بلوچ کیخلاف توہین عدالت کا شوکاز نوٹس واپس لے لیا ہے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ توہین عدالت میں سزا سنانے پر یقین نہیں رکھتے، بارمضبوط ہوگی توبنچ مضبوط ہوگا، اس صورت حال سے کسی تیسری قوت کو فائدہ نہیں اٹھانے دیں گے۔ سیکرٹری اسلام آباد ہائیکورٹ بار عمیر بلوچ اور دیگر ارکان عدالت میں پیش ہوئے، چیف جسٹس نے بار عہدیداروں سے کہا کہ گزشتہ روز آپ آگئے تھے جب احساس ہوجائے تو اتنا ہی کافی ہے، مجھے یقین ہے کہ یہ بار عدلیہ کی آزادی کا تحفظ کرے گی، ہمارا احتساب بھی مضبوط بار ہی کرتی ہے۔ بار کا مقام اور کردار یہ ہے کہ عدالتوں پرعوام کا اعتماد بڑھے، بار نے بھی رول ماڈل کا کردار ادا کرنا ہے۔ بار عہدیداران نے کہاکہ ہم بھی آج آپ کے احترام میں پیش ہوئے ہیں۔