بورس جانسن کو اہم کامیابی: برطانوی پارلیمنٹ نے بریگزٹ بل کی منظوری دیدی
لندن (عارف پندھیر + نوائے وقت رپورٹ) این ایچ ایس کو مضبوط کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ میرے وزراء یورپی یونین کے ساتھ آزادانہ تجارتی تعلقات کی راہ ہموار کریں گے۔ یہ بات ملکہ نے برطانوی پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا ایسی ویزا پالیسی اپنائی جائیگی جس کی بنیاد پر ماہر ڈاکٹروں‘ نرسوں اور دیگر ماہرین کی برطانیہ میں فاسٹ ٹریک انٹری کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملکہ برطانیہ کی تقریر میں امیگریشن سسٹم‘ سوشل کیئر اور انشورنس کے نظام سمیت متعدد شعبوں میں اصلاحات کے حکومتی منصوبوں کی نشاندہی بھی کی گئی۔ برطانوی پارلیمنٹ میں بورس جانسن کا بریگزٹ بل پاس کر لیا گیا۔ بریگزٹ کے حق میں 358 اور مخالفت میں 234 ووٹ آئے۔ بریگزٹ بل پاس ہونے کی صورت میں برطانیہ 31 جنوری کو یورپی یونین سے الگ ہو جائے گا۔ اے پی پی کے مطابق برطانوی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ برطانیہ کے 31 جنوری تک یورپی یونین سے انخلاء کے بعد بریگزٹ کا محکمہ بند کر دیا جائے گا۔ ڈیپارٹمنٹ آف بریگزٹ 2016ء میں قائم کیا گیا تھا۔