• news

کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت بڑے حادثہ کا باعث بن سکتی، پوری قوم فوج کے شانہ بشانہ ہے: شہباز شریف

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلاجواز بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے معصوم بچوں کی شہادت پر دلی رنج وغم اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایل اوسی پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بھارتی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے جرائم چھپا نہیں سکتی ۔ ایل او سی پر فائرنگ کا مقصد بھارت کے اندر عوامی احتجاج سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نفرت، تعصب اور انسانیت دشمنی پر مبنی بھارتی جنونی رویوں سے دنیا کا امن خطرے سے دوچار ہے، نریندر مودی حکومت انسانیت دشمنی کا سیاہ باب معصوموں کے خون سے لکھ رہی ہے دنیا نوٹس لے دنیا کے انصاف پسند اور مہذب لوگ اس ظلم وبربریت کے خلاف نہ اٹھے تو دنیا جل کر خاک ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہادتوں پراقوام متحدہ، سلامتی کونسل، فوجی مبصر گروپ کارروائی کرے۔ ایل او سی پر بھارتی جارحیت جنوبی ایشیائ￿ اور دنیا کے امن کے لئے کسی بڑے حادثے کا باعث بن سکتی ہیں ۔ بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بہ شانہ ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ بھارتی آرمی چیف کا بیان عکاس ہے کہ بھارت خطرناک عزائم کے ساتھ خطے میں آگ دہکانا چاہتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن