ماضی کی حکومتوں نے عوم کو مشکلات میں دھکیلا: عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر، سپورٹس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لائن آف کنٹرول پرشہری آبادی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے دوشہریوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت شہری آبادی کو نشانہ بنا کر عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے اور شہری آبادی کو نشانہ بنانا بھارتی فوج کا انتہائی بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا اور شہر کی تعمیر وترقی کے لئے اربوں روپے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ ساڑھے 13ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی ڈیرہ غازی خان مظفر گڑھ دورویہ سڑک کا افتتاح کیا۔ غازی یونیورسٹی کے بعض بلاکوں کی تعمیرکے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، ای روزگار سنٹر ،کرکٹ سٹیڈیم اور گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کیلئے وہیکلز انسپکشن سٹیشن کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جبکہ ماضی کی حکومتوں نے عوام کو مشکلات کی دلدل میں دھکیلا ہوا تھا۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے لئے اربوں روپے کے منصوبے لیکر آیا ہوں اوران منصوبوں سے پسماندہ علاقے کے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ ضلعی ہسپتال کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے گا۔ عام آدمی کو سرکاری ہسپتال میں وہی علاج معالجہ ملے گا جو امراء کو پرائیویٹ ہسپتالوں میں حاصل ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان میں بلوچ لیویز لائنز بھی گئے ۔ بارڈر ملٹری پولیس فورس سرائے کی تزئین و آرائش کے منصوبے اورضلع کچہری کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کاسنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ نے بارڈر ملٹری پولیس اوربلوچ لیویزکو فراہم کی جانے والی گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے خطاب میں کہاکہ بارڈر ملٹری پولیس اوربلوچ لیویز شاندار روایات کی حامل فورسز ہیں۔ پہلی مرتبہ کوہ سلیمان کے مکینوں کیلئے پولیس اور رینجرز میں بھرتی کے قواعد میں خصوصی طو رپر رعایتیں دی جا رہی ہیں اور اس علاقے کے شہریوں کو بھرتی کے لئے عمر کی حد اور جسمانی پیمائش میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ علاقے کے لوگوں کی بھرتی کے لئے سب انسپکٹر، اے ایس آئی، ہیڈکانسٹیبل اورکانسٹیبل کی 565 نئی اسامیاں دی جا رہی ہیں۔عثمان بزدارکی زیر صدارت کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں اجلاس ہوا جس میں ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کی سکیموں پر پیشرفت،امن وامان کی صورتحال اور صفائی کے انتظامات کاجائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے چوری او ردیگر جرائم کے سدباب کے لئے کیمروں کی تنصیب کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے ہر یونین کونسل میں ٹف ٹائل لگانے کے منصوبے کاجائزہ لینے کی ہدایت کی۔ بارڈر ملٹری پولیس کو سہولتیں او رحقوق دے رہے ہیں، کام کر کے دکھائیں ورنہ کڑا احتساب کریں گے۔عثمان بزدارنے میڈیا سے گفتگو میں صحافیوں کیلئے صحت انصاف کارڈ کے اجراء کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صحافیوں کو بھی صحت کارڈ کی سہولت میں شامل کیاجائے گا۔ اصولی فیصلہ کیاہے کہ پنجاب کے ہر ڈویژن میں صحافیوں کے لئے کالونی بنائی جائے گی اور ڈیرہ غازی خان کے صحافیوں کیلئے ہماری حکومت نے انتہائی مختصر عرصے میں فلاح عامہ کے بے شمار اقدامات کئے ہیں ۔عام آدمی کے مسائل سمجھتا ہوں او رانہیں حل کرتا ہوں ۔ وزیراعلیٰ نے زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد پی ڈی ایم اے اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔