جسٹس گلزار کا تعلق کراچی سے دبنگ انداز کی وجہ سے معروف‘ 2 فروری 2023 ء تک عہدہ پر رہیں گے
اسلام آباد (چوہدری اعظم گِل) پاکستان کے 26 ویں چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ11 ماہ 2 دن ملک کے منصف اعلیٰ کے عہدے پر فائز رہنے کے بعد سبکدوش ہوگئے۔ نامزد 27 ویںچیف جسٹس گلزار احمدآج عہدے کا حلف اٹھائیں گے، وہ 2 سال ایک ماہ 13 دن چیف جسٹس آف پاکستان رہیں گے۔ نئے چیف جسٹس سوموار سے مقدمات کی سماعت کا آغازکریں گے۔ 4 دسمبر کو جسٹس گلزار احمد کوملک کا ستائیسواں چیف جسٹس نامزدکیا گیا تھا۔ وزارت قانون کی طر ف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 175 اور177 کے تحت اختیار استعمال کرتے ہوئے جسٹس گلزار احمد کی بطور چیف جسٹس پاکستان تقرر کی منظوری دی تھی۔ نامزد چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا تعلق کراچی سے ہے ، وہ 2 فروری1957 کو پیدا ہوئے، انہوں نے ایس ایم لاء کالج سے قانون کی ڈگری حاصل کی، 1986 سے انہوں نے بطور وکیل اپنا کیریئر شروع کیا۔ جسٹس گلزار احمد 27 اگست 2002 کو سندھ ہائی کورٹ کے جج اور بعد ازاں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ بنے اور16 نومبر2011 کو سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔ جسٹس گلزار احمد اپنے دبنگ انداز کے باعث معروف ہیں ، انہوں نے پاناما لیکس کیس میں تاریخی فیصلہ تحریر کیا ۔ جسٹس گلزار احمد 2 فروری 2023 کو 2 سال ایک ماہ 13 دن چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پر فائز رہنے کے بعد ریٹائرڈ ہوں گے۔