• news

پاکستان کو دھمکی دی نہ کوالالمپور سمٹ میں جانے سے روکا: سعودی عرب

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سعودی عرب نے کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے پر پاکستان کو مجبور کرنے اور دھمکانے کی خبروں کی تردید کر دی۔ اس حوالے سے پاکستان میں موجود سعودی سفارتخانے نے ایک اعلامیہ جاری کیا، جس میں سفارت خانے نے کچھ میڈیا چینلز کی جانب سے نشر کی گئی ’معلومات اور جعلی خبروں‘ کی خبر کی تردید کردی جس میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب نے پاکستان کو کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے پر ’مجبور کیا تھا اور اس حوالے سے دھمکی‘ بھی دی تھی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات ایسے نہیں جہاں دھمکیوں کی زبان استعمال کی جائے جبکہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات دیرینہ اور اسٹریٹیجک ہیں جو اعتماد، افہام و تفہیم اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بیشتر علاقائی اور بین الاقوامی مسائل خاص طور پر امت مسلمہ کے معاملات پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ سفارت خانہ یہ وضاحت بھی کرتا ہے کہ سعودی عرب ہمیشہ برادرانہ تعلقات کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ہم ہمیشہ کوشش کرتے ہیں کہ ایک کامیاب اور مستحکم ملک بننے کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن