• news

ایوان صدر میں پروقار تقریب، جسٹس گلزار احمد نے چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھا لیا

اسلام آباد (چودھری اعظم گل + خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج جسٹس گلزار احمد نے پاکستان کے 27 ویں منصف اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ ایوان میں حلف برداری کی پروقار تقریب ہوئی جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس گلزار احمد سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔ ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں صدر مملکت کے علاوہ وزیراعظم عمران خان، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا، صوبائی گورنرز سمیت سپریم کورٹ کے موجودہ اور سابق ججز، سینئر وکلا اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے شروع میں قومی ترانے کی دھن بجائی گئی جس کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ واضح رہے کہ ملک کے 26 ویں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی گزشتہ روز سبکدوشی کے بعد جسٹس گلزار احمد 27 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔ چیف جسٹس گلزار احمد 2 سال سے زائد عرصے تک اس عہدے پر رہیں گے اور فروری 2022 میں بطور چیف جسٹس سبکدوش ہو جائیں گے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کل سے سپریم کورٹ اسلام آباد میں مقدمات کی سماعت کریں گے، جسٹس گلزار احمد کی عدالت میں سب سے پہلا مقدمہ چیف سیکرٹری پنجاب کا سنا جائے گا۔کیس کی سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کرے گا جبکہ جسٹس سید منصور علی شاہ بنچ کا حصہ ہوں گے۔ چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی ریٹائرمنٹ اور جسٹس گلزار احمد کے چیف جسٹس بننے کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل اور سپریم جوڈیشل کمشن دونوں آئینی باڈیز کی تشکیل بھی تبدیل ہوگئی ہے۔ چیف جسٹس گلزار احمد ججز کے احتساب کے فورم سپریم جوڈیشل کونسل اور اعلیٰ عدلیہ کی تعیناتیوں کے فورم سپریم جوڈیشل کمشن کے بھی سربراہ بن گئے ہیں۔ چیف جسٹس لاء اینڈ جسٹس کمشن اور قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کے بھی چیئرمین بن گئے ہیں ۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا تعلق کراچی سے ہے ، وہ 2فروری 1957 کو پیدا ہوئے، انہوں نے ایس ایم لا ء کالج سے قانون کی ڈگری حاصل کی، 1986 سے انہوں نے بطور وکیل اپنا کیریئر شروع کیا۔ جسٹس گلزار احمد 27 اگست 2002 کو سندھ ہائی کورٹ کے جج اور بعد ازاں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ بنے اور 16 نومبر 2011 کو سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے، پاناما لیکس کیس کی سماعت کرنے والے بنچ کا بھی حصہ رہے۔ جسٹس گلزار احمدیکم فروری 2023کو چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پہ فائز رہنے کے بعدریٹائرڈ ہوں گے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے بطور چیف جسٹس سپریم کورٹ کا پہلا روسٹر جاری کردیا ہے۔اگلے عدالتی ہفتے میں زیر التواء مقدمات کی سماعت کے لئے پانچ بینچ تشکیل دیدیے گئے ہیں۔ دو بینچ اسلام آباد اور تین کراچی رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کریں گے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ اسلام آباد میں مقدمات کی سماعت کرے گا جبکہ اسلام آباد میں مقدمات کی سماعت کے لئے قائم دوسرا بینچ جسٹس اعجا زالاحسن اور جسٹس امین الدیں خان پر مشتمل ہے۔کراچی رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کے لئے قائم بینچز میں پہلا بینچ جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس سجاد علی شاہ،دوسرا جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں جسٹس قاضی محمد امین احمد اور تیسرا بینچ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر پر مشتمل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن