• news

حلف برداری: نئے چیف جسٹس کی والدہ کی خصوصی شرکت‘ مسرور نظر آئیں

اسلام آباد (اے پی پی) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی تقریب حلف برداری میں ان کی والدہ سرتاج بیگم بہت زیادہ مسرور نظر آرہی تھیں۔ مہمانوں میں سب سے زیادہ خوش نظر آنے والی خاتون سرتاج بیگم نئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی والدہ تھیں۔ وہ چیف جسٹس کی اہلیہ فوزیہ گلزار کے ہمراہ مہمانوں کی پہلی قطار میں بیٹھیں تھیں جن کے بائیں جانب خاتون اول ثمینہ علوی اور دائیں جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نشست تھی۔ صدر مملکت ڈاکٹر علوی ان کے بیٹے سے چیف جسٹس کا حلف لے رہے تھے تو ان کے چہرے کی مسکراہٹ دیدنی تھی۔ حلف برداری کی تقریب کے اختتام پر وہ اپنی نشست سے اٹھیں اور ان کو خاتون اول، اہل خانہ اور دیگر مہمانوں نے مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج میں بہت خوش ہوں اور چیف جسٹس کی سلامتی، تحفظ اور ان کی زندگی میں مزید کامیابیوں کے لئے خدا تعالیٰ سے دعا گو ہوں۔ چشمے پہنے اور دوپٹہ اوڑھے بزرگ خاتون نے کہا کہ مجھے توقع تھی کہ میرا بیٹا ایک روز یہ اہم منصب سنبھالے گا۔ چیف جسٹس کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن