• news

پی سی بی نے شعیب نوید کو پاکستان سپر لیگ کا جنرل منیجر مقرر کر دیا

لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب نوید کو پاکستان سپر لیگ کا جنرل منیجر مقرر کر دیا ہے۔ ان کے پاس پراجیکٹ ڈائریکٹر کا اضافی عہدہ بھی ہو گا۔ نائیلہ بھٹی کے استعفیٰ کے بعد سے پراجیکٹ ڈائریکٹر کا عہدہ خالی تھا۔ شعیب نوید اس سے پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب نوید نے اسلام آباد یونائیٹڈ انتظامیہ کو نئی ذمہ داریوں سے آگاہ کر دیا ہے۔ وہ فرنچائز کیساتھ اس ماہ کے آخر تک کام کریں گے۔ شعیب نوید یکم جنوری سے پاکستان سپر لیگ کے جنرل منیجر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ نائیلہ بھٹی کے استعفیٰ کے بعد سے پاکستان سپر لیگ کے معاملات کو نظر انداز کیا جا رہا تھا۔ پانچویں ایڈیشن سے ڈیڑھ ماہ قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب نوید کو جنرل منیجر مقرر کر کے ملکی کرکٹ کے مقبول ترین ایونٹ کے لیے الگ افسر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حمید کے بعد شعیب نوید کرکٹ بورڈ میں آنے والے دوسرے افسر ہیں جن کا تعلق اسلام آباد یونائیٹڈ سے رہا ہے۔ کرکٹ بورڈ ملک میں پانچویں ایڈیشن کے مکمل طور پر انعقاد کا اعلان کر چکا ہے۔ دو ہزار سولہ، دو ہزار سترہ، دو ہزار اٹھارہ اور ڈو ہزار انیس کے میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جاتے رہے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہو گا کہ پی ایس ایل کے میچز مکمل طور پر پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن