کراچی میں ڈبل سنچری مکمل نہ کر پانے کا افسوس ہے: عابد علی
لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان کے ٹیسٹ اوپنر عابد علی نے کہا ہے کہ انہیں کراچی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ڈبل سنچری نہ کر پانے کا افسوس ہے۔راولپنڈی کی طرح کراچی ٹیسٹ میچ میں بھی سنچری بنانے والے اوپننگ بیٹسمین عابد علی نے میچ کے دوسرے سنچورین شان مسعود کے ہمراہ تیسرے دن کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ ڈبل سنچری نہ کرپانے کا افسوس ہے، ڈریسنگ روم میں مجھے ’لیجنڈ‘ کا خطاب ملا ہے، کوشش ہوگی کہ کارکردگی سے اس کا حق ادا کروں۔کراچی ٹیسٹ میں 174 رنز کی اننگز کھیلنے والے عابد علی نے کہا کہ خواہش تھی کہ انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز مثبت انداز میں کروں۔شان مسعود نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر سنچری بہت خاص ہے، پہلی اننگز میں خسارے میں جانے کے بعد دباو تھا، زیادہ سے زیادہ ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔سری لنکن ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ رمیشن رتنائیکے نے کہا کہ پاکستانی اوپنرز نے میچ کو سری لنکا کی پہنچ سے بہت دور کردیا ہے، بائولرز نے پلان کے مطابق بائولنگ نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ میچ کے چوتھے دن بائولرز کوشش کریں گے کہ پاکستان ٹیم کو جلد سے جلد آئوٹ کریں تاکہ زیادہ رنز کا دبائو کم ہوسکے ۔ بائولر زکو لائن اینڈلینتھ پر بائولنگ کرانا ہوگی ۔پہلے دو دن میچ میں غلبہ پانے کے بعد تیسرے دن میچ کا ہاتھ سے نکل جانا افسوس ناک ہے ۔ بائولر زنے پلان کے مطابق بائولنگ نہیں کی جس کا فائدہ بلے بازوں نے اٹھایا ہے ۔ غلطیوں سے سبق سیکھ کر ٹیسٹ میچ میں واپس آنا ہوگا۔