• news

اظہر علی ، بابر اعظم کی بھی سینچریاں، کراچی ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے اور قومی ٹیم کو دوسرے میچ اور سیریز میں فتح کے لیے محض تین وکٹیں درکار ہیں۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے دوسری اننگز 555رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے سری لنکا کو جیت کے لیے 476 رنز کا ہدف دیا۔میچ کے چوتھے دن پاکستانی ٹیم نے 385 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی کپتان اظہر علی 57 اور بابر اعظم 22 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔اظہر علی ایک عرصے بعد بھرپور فارم میں نظر آئے اور سنچری مکمل کی۔قومی ٹیم کے کپتان 118 رنز بنا کر لاستھ ایمبل ڈینیا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم نے محمد رضوان کے ساتھ سکور کو آگے بڑھاتے ہوئے سری لنکا کے خلاف دوسری اننگز میں سنچری سکور کی اور دوسری اننگز میں سنچری بنانے والے چوتھے کھلاڑی تھے۔پاکستان نے کھانے کے وقفے پر 555 رنز 3کھلاڑی آؤٹ ہر اپنی دوسری نامکمل اننگز ڈکلیئر کی تو بابر اعظم 100جبکہ محمد رضوان 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں اوپنرز دمتھ کرونارتنے اور اوشادا فرنینڈو نے دوسری اننگز میں اپنی ٹیم کو 39رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس مرحلے پر محمد عباس کی گیند پر سری لنکن کپتان کی اننگز اختتام کو پہنچی‘وہ سولہ رنز بناسکے۔ابھی سری لنکن ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں نسیم شاہ نے کوشل مینڈس کو کھاتا کھولنے کا بھی موقع نہ دیا اور بابر اعظم کی مدد سے صفر پر چلتا کردیا۔اس مرحلے پر اوشادا فرنینڈو کا ساتھ دینے تجربہ کار اینجلو میتھیوز آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے سکور کو 70تک پہنچا دیا، اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید طویل ہوتی، شاہین شاہ آفریدی نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی محمد رضوان کی مدد سے میتھیوز کوانیس رنز پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔پاکستان کو چوتھی کامیابی کیلئے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور دنیش چندیمل بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھائے بغیر پویلین لوٹ گئے ‘وہ صرف دو رنز بناسکے۔ ایک اوور بعد یاسر شاہ نے میچ میں پہلی وکٹ حاصل کرتے ہوئے دھننجیا ڈی سلوا کی وکٹیں بکھیر دیں‘وہ کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔پانچ وکٹیں گرنے کے بعد فرنینڈو کا ساتھ دینے نروشن ڈکویلا آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کیلئے 104 رنز کی شراکت قائم کی۔دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں لیکن دن کے اختتام سے چند اوورز قبل حارث سہیلنے ڈکویلا کی وکٹیں بکھیر دیں، انہوں نے 65رنز بنائے۔دوسرے اینڈ پر موجود فرنینڈو نے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری سکور کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا البتہ دوسرے اینڈ سے نسیم شاہ نے دلرووان پریرا کو آؤٹ کر کے پاکستان کو ساتویں کامیابی دلا دی‘وہ پانچ رنز بناسکے۔سری لنکا کی 7ویں وکٹ گرنے کے بعد امپائرز نے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا اور جب میچ کے چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے 7وکٹوں کے نقصان پر 212رنز بنائے تھے اور اسے میچ میں فتح کیلئے مزید 264رنز درکار ہیں۔ نسیم شاہ 3وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس، یاسر شاہ اور حارث سہیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ کے تیسرے دن عابد علی اور شان مسعود کی سنچریوں کی بدولت پاکستان نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 395 رنز بنا کر 305 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔شان مسعود 135 رنز بناکر کمارا کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے، اوپنر عابد علی نے بھی مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں دوسری سنچری مکمل کرکے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 191 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جس کے جواب میں سری لنکا نے پہلی اننگز میں 271رنز بنا کر 80رنز کی برتری حاصل کی۔شاہین شاہ آفریدی نے پانچ اور محمد عباس نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔قومی ٹیم یہ ٹیسٹ میچ جیت کر 10 سال بعد ملک میں ہونے والی ٹیسٹ سریز کو یادگار بنا سکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن