• news

سٹاک مارکیٹ میں بڑا مندا، سرمایہ کاروں کے 100 ارب سے زائد ڈوب گئے

کراچی (کامرس رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز بڑے مندے کے باعث سرمایہ کاروں کے 100 ارب سے زائد ڈوب گئے۔ تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی نے ڈیرے ڈال لیے، گراوٹ کے باعث انڈیکس میں 824.70 پوائنٹس گر گئے۔ تنزلی کے باعث انڈیکس کی 8 حدیں گر گئیں۔ گرنے والی حدوں میں 40800، 40700، 40600، 40500، 40400، 40300، 40200، 40100 کی حدیں شامل ہیں۔ گزشتہ روز کاروبار کاآغاز ہی مندی سے ہوا، ابتدائی لمحات میں گراوٹ میں جانے والی سٹاک مارکیٹ گراوٹ سے باہر نہ نکل سکی، ایک موقع پر حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 40 ہزار کی نفسیاتی حد سے بھی محروم ہو گیا تھا جس کے باعث انڈیکس 39931.78 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری کے دوران 824.70 پوائنٹس کی تنزلی کے بعد 40008.29 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کاروبار میں 2.06 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی۔ بڑے مندے کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو ایک کھرب (100ا رب) سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ مارکیٹ میں 10 کروڑ 42 لاکھ 87 ہزار 930 شیئرز کا کاروبار ہوا، ان شیئرز کی مالیت 5 ارب69 کروڑ 13 لاکھ 80 ہزار 112 روپے بنتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن