• news

کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، جارحیت ناکام بنانے کیلئے مکمل تیار ہیں: جنرل باجوہ

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ہم کشمیر پر کسی بھی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ہم مادر وطن کے دفاع کیلئے کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کو ناکام بنانے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں اور اس کیلئے مکمل تیار ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کے ٹویٹ کے مطابق پیر کو چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل او سی اور سی ایم ایچ مظفرآباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایل او سی پر فرائض سرانجام دینے والے فوجی جوانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے جوانوں سے خطاب کے دوران کہا کہ ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ہم کشمیر پر کسی بھی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہاکہ ہم اپنی مادروطن کے دفاع کیلئے کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کو ناکام بنانے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں اور اس کیلئے مکمل تیار ہیں۔ آرمی چیف نے سی ایم ایچ مظفرآباد کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور انہیں گلدستے پیش کیے۔ اس موقع پر انہیں بریفنگ بھی دی گئی ۔ علاوہ ازیں جنرل قمر جاوید باجوہ سے جاپان کے وزیراعظم شینزو ایبے کے خصوصی مشیر برائے خارجہ امور سنورا کینتارو نے یہاں ملاقات کی۔ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت مجموعی علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معزز مہمان نے خطہ میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ دونوں اطراف سے خطہ میں امن و سلامتی سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیاگیا۔

ای پیپر-دی نیشن