• news

ای سی ایل سے مریم نواز کا نام نکالنے کا معاملہ، حکومتی فیصلہ آنے پر دیکھیں گے: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی، ایجنسیاں، نیٹ نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت 26دسمبر تک ملتوی کر دی۔ وفاقی کابینہ کی جانب سے مریم نواز کی درخواست پر فیصلہ آج 24 دسمبر کو متوقع ہے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کر دیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان عدالت پیش ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پرمنگل کو کابینہ کا اجلاس ہے توقع ہے کہ درخواست کا فیصلہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے استدعاکی کہ مریم نواز کی درخواست قبل ازوقت ہے لہذا مسترد کی جائے۔ مریم نواز کے وکیل نے استدعاکی کہ درخواست مسترد نہ کی جائے۔ این این آئی اور آئی این پی کے مطابق عدالت نے کہا جب تک کوئی فیصلہ نہیں آتا، کیسے فیصلہ کر سکتے ہیں۔ جب حکومت کا کوئی فیصلہ آئے گا تب دیکھیںگے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر جو بھی فیصلہ کرے اس سے درخواست گزار (مریم نواز) کو آگاہ کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن