• news

الجیریا: طاقتورآرمی چیف احمد صالح انتقال کر گئے، 3 روزہ سوگ کا اعلان

الجیریا (انٹرنیشنل ڈیسک) الجیریا کیلئے آزادی کی جنگ لڑنے والوں میں سے آخری فوجی اور طاقتور آرمی چیف احمد صالح 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق الجیریا کے آرمی چیف احمد صالح صدر عبدالعزیز کو 20 سالہ اقتدار چھوڑنے پر مجبور کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتے تھے۔ انہوں نے چار روز قبل ہی الجزائر کے نئے منتخب صدر عبدالمجید تبون کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی تھی۔ نئے صدر نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے فوری بعد جنرل احمد قاید صالح کو ملک کا سب سے اعلیٰ اعزاز ’آرڈر آف میرٹ‘ دیا تھا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل احمد صالح کو ہارٹ اٹیک ہوا جس کے باعث انہیں فوری طور پر ملٹری ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے اور زندگی کی بازی ہار گئے۔ ان کی وفات پر صدر عبدالمجید تبون نے ملک میں تین دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے اور برّی فوج کے سربراہ جنرل سعید شنقریحہ کو مسلح افواج کا قائم مقام چیف آف سٹاف مقررکیا ہے۔ جنرل صالح فرانس سے ملک کی آزادی کی جنگ لڑنے والوں میں سے آخری فوجی تھے۔ احمد صالح 1940ء میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے 17 سال کی عمر میں الجزائر کی قومی فوج میں شمولیت اختیار کی تھی اور فرانسیسی استعمار کے خلاف جنگ میں حصہ لیا تھا۔ الجزائر کی 1962ء میں فرانسیسی استعمار سے آزادی کے بعد وہ نئی تشکیل شدہ فوج میں شامل ہوگئے تھے۔ انھیں 1994ء میں برّی فوج کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا اور 2004ء میں انہیں الجزائر کی مسلح افواج کا سربراہ مقرر کیاگیا تھا۔ انہیں 11 ستمبر 2013ء کو الجزائر کا نائب وزیر دفاع بنا دیا گیا تھا۔مرحوم آرمی چیف نے الجزائر کے مطلق العنان صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کی اس سال اپریل میں عوامی احتجاجی مظاہروں کے بعد معزولی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ سابق صدر کے خلاف فروری سے احتجاجی مظاہرے جاری تھے۔

ای پیپر-دی نیشن