• news

قومی تائیکوانڈو ٹیم کے پانچ کھلاڑیوں کو کوریا بھیجا جائیگا، مرتضیٰ بنگش

اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مرتضی حسن بنگش نے کہا ہے کہ قومی تائیکوانڈو ٹیم کے پانچ کھلاڑیوں کو اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاری کیلئے آئندہ ماہ جنوری میں کوریا بھیجا جائیگا۔ اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ آئندہ برس مارچ میں چین میں کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن نے پانچ کھلاڑیوں کو ایونٹ کی تیاری کے سلسلہ میں بیرون ملک کوریا بیھجنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں چار مرد اور خواتین کھلاڑی شامل ہیں، ان کھلاڑیوں میں پنجاب سے رب نواز، بلوچستان سے ہارون جان اور شاہ زیب، خیبر پختونخوا سے جبران خان اور زویا صابر شامل ہیں جبکہ ایک خاتون کھلاڑی علینا عائشہ افسر پہلے ہی برطانیہ میں تربیت حاصل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ کھلاڑی ہیں جہنوں نے رواں ماہ نیپال میں کھیلی گئی سائوتھ ایشین گیمز میں میڈلز حاصل کرکے ملک کا نام روشن کیا۔ گولڈ میڈلز حاصل کرنے والوں میں شاہ زیب (54 کلوگرام )، ہارون خان (58 کلوگرام ) اور رب نواز (80 کلوگرام ) شامل ہیں۔ جبران خان (74 کلوگرام) اور علینا عائشہ افسر (53 کلوگرام ) سلور میڈلز جبکہ زویا صابر(62 کلوگرام ) نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ تائیکوانڈو کے کھلاڑیوں نے سائوتھ ایشین گیمز میں 17 میڈلز حاصل کرکے ملک کا نام روشن کیا جن میں سونے کے تین، چاندی کے چھ اور کانسی کے آٹھ تمغے شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن