• news

بابراعظم بھارتی کپتان ویرات کوہلی کیساتھ موازنے پر نہ گھبرائیں :جاوید میانداد

لاہور( آن لائن ) پاکستان کے لیجنڈ بلے باز جاوید میانداد نے بابراعظم اور ویرات کوہلی کا موازنہ کئے جانے پر مڈل آرڈر بلے باز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گھبرائیں نہیں بلکہ اپنے ملک کیلئے کارکردگی دکھاتے رہیں۔تفصیلات کے مطابق ایک انٹر ویو کے دوران جاوید میانداد نے کہا کہ بابراعظم بہت ہی شاندار بلے باز ہے لیکن انہیں اپنے ملک کیلئے کارکردگی دکھاتے رہنا ہو گا، میں اپنے تجربے کی بنیاد پر یہ کہہ سکتا ہوں کہ اگر میں بابراعظم کی جگہ ہوتا تو کسی بھی کھلاڑی کیساتھ موازنے پر گھبراتا نہیں بلکہ اپنے ملک کیلئے کارکردگی دکھاتا رہتا، میں اپنے بلے کے ذریعے بولتا اور بابراعظم کو بھی ایسا ہی کرنے کا مشورہ دوں گا۔جاوید میانداد نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کا موازنہ اس وقت کیا جا سکتا ہے جب آپ نے بہت زیادہ رنز بنا لئے ہوں اور فخر کیساتھ اپنے کیرئیر پر نگاہ ڈال سکیں، وقت سے پہلے کسی کھلاڑی کیساتھ موازنہ نہیں کیا جا سکتا، میں بابراعظم کو مشورہ دوں گا کہ وہ ویرات کوہلی کیساتھ موازنہ کئے جانے پر گھبرائیں نہیں بلکہ اپنی توجہ کارکردگی رکھیں، زیادہ سے زیادہ رنز بنائیں اور سخت محنت کرتے رہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بابراعظم کو نائب کپتان بنانا چاہئے تھا تاکہ وہ سکھ کا سانس لیتے ہوئے کپتانی کے گر سیکھتے۔

ای پیپر-دی نیشن