امریکی رپورٹ مسترد، پاکستان میں تمام مذاہب کو آزادی : یو ایس اے بھارت کا شمار بھول گیا: دفتر خارجہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+نیٹ نیوز) پاکستان نے مذہبی آزادی سے متعلق امریکہ کی رپورٹ مسترد کر دی۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پاکستان میں مذہبی پابندیوں کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے بسنے والوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، پاکستان میں کسی قوم، نسل اور مذہب کو تعصب کا سامنا نہیں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی رپورٹ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ مذہبی پابندیوں میں بھارت کا شمار بھول گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اقلیتوں سے غیر انسانی سلوک کے حوالے سے سب سے آگے ہے اور حالیہ شہریت بل بھارت کے اقلیتوں سے امتیازی سلوک کا ثبوت ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے مذہبی آزادی کے حوالے سے رپورٹ شائع کی تھی جس میں مبینہ طور پر مذہبی پابندی رکھنے والے ممالک کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان ممالک میں چین، پاکستان، برما، سعودی عرب، ایران، تاجکستان اور ترکمانستان کو شامل کیا گیا تھا۔