• news

خطے میں امن، مسلم ممالک کے اتحاد کے لئے پاکستان کا کردار قابل تحسین، تعاون جاری رکھیں گے: شاہ سلمان

ریاض (امیر محمد خان) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود نے پاکستان کے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر اور پاکستان کے پارلیمانی وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی امور میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبد اللہ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں شوریٰ کونسل کے سپیکر ڈاکٹر شیخ عبداللہ بن محمد الشیخ، وزیر مملکت ، کابینہ کے ممبر اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز بھی موجود تھے۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں پارلیمانی سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اسد قیصر کے ہمراہ پاکستانی وفد میں شامل دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ ملاقات کے دوران سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے کہا ہے کہ پاکستان اسلامی دنیا کا ایک اہم ملک ہے، مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کو مذاکرات سے پر امن طور پرحل کیا جائے امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے مسلم ممالک میں اتحاد ناگزیر ہے خطے میں امن اور مسلم ممالک میں اتحاد کے لیے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے ،سعودی عرب پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو سے معمولات زندگی مفلوج ہے، کرفیو کی وجہ سے مقبوضہ وادی میں خوراک، ادویات کی قلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا سچا دوست اور مخلص بھائی ہے۔دوسری جانب سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے کہا کہ امت کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے مسلم ممالک میں اتحاد ناگزیر ہے، خطے میں امن اور مسلم ممالک میں اتحاد کے لیے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔شاہ سلمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کو مذاکرات سے پر امن طور پرحل کیا جائے، سعودی عرب مسئلہ کشمیر کا یو این قراردادوں کے مطابق پرامن حل چاہتا ہے۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اسلامی دنیا کا ایک اہم ملک ہے، سعودی عرب پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔

ای پیپر-دی نیشن