پاکستان 3سال بعد ازلان شاہ ہاکی ٹورنا منٹ میں شرکت کریگا: آصف باجوہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان ہاکی ٹیم 3 برس کے بعد ازلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے ازلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کو پاکستان ہاکی کی بہتری کے لیے اہم قدم قرار دیا اور کہاکہ اس وقت اولین ترجیح یہی ہے کہ عالمی باڈیز کیساتھ تعلقات کو بہتر کیا جا ئے۔انہوں نے کہا کہ وہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کیساتھ ساتھ ایشین ہاکی فیڈریشن کیساتھ بھی رابطوں میں ہیں، ان باڈیز کیساتھ تعلقات کا بہتر ہونا بہت ضروری ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے 2016 کے بعد ازلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کی تھی اور اس کی کئی وجوہات رہی ہیں، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے عین وقت پر بھی اپنی عدم دستیابی کے بارے میں آگاہ کیا جس کے بعد ملائیشین ہاکی کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اب ملائیشین ہاکی کے ساتھ دوستانہ روابط ہیں اور ازلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کی دعوت ملنا اور پھر ہمارا اس ایونٹ میں شرکت کرنا پہلا ا قدم ہے جس سے پاکستان ہاکی میں بہتر ی آئے گی اور یہ شرکت سنگ میل ثابت ہو گی۔ ازلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے بھی رینکنگ پوائنٹس ہیں اور اس وقت پاکستان ٹیم کو رینکنگ پوائنٹس کی بہت ضرورت ہے۔ 2019 پاکستان ہاکی کیلئے اچھا نہیں رہا لیکن مجھے اتنا یقین ہے کہ 2020 اور اس کے بعد آنے والے سال پاکستان ہاکی کی بہتری کے سال ثابت ہوں گے۔