سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے بعد وطن واپس پہنچ گئی
لاہورر( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) دورے کے اختتام پر سری لنکن کپتان نے پاکستان کی مہمان نوازی اور شاندار سکیورٹی پر شکریہ ادا کیا اور دوبارہ پاکستان آمد کا ارادہ بھی ظاہر کیا۔وطن واپس پہنچنے کے بعد سری لنکن ٹیم کے کپتان کرونارتنے نے ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فورسز اور ایس ایس اجی کمانڈوز نے جس طرح پاکستان میں ہمارا خیال رکھا اس پر ہمیں فخر ہے، پاکستان میں سکیورٹی اور مہمان نوازی انتہائی شاندار تھی۔انہوں نے شائقین کرکٹ اور خصوصاً پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا اور دوبارہ پیغام دیا کہ پاکستان اب کرکٹ کیلئے محفوظ ملک ہے۔سری لنکن کرکٹراینجلو میتھیوز نے پاکستانی کمانڈوز کیساتھ تصویر سوشل میڈیا پر لگاتے ہوئے پیغام میں کہا کہ شاندار مہمان نوازی اور بہترین سکیورٹی پر پاکستان کا شکریہ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا بہت اچھے طریقے سے خیال رکھا گیا اور ہم خود کو اتنا ہی محفوظ تصور کر رہے تھے جتنا کہ دنیا کے کسی اور ملک میں تصور کرتے۔کمنٹیٹر رسل آرنلڈ نے دورہ پاکستان کو کامیاب قرار دیتے ہوئے دیکھ بھال کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ‘ کیوی کمنٹیٹر ڈینی موریسن بھی اپنے وطن نیوزی لینڈ واپسی پر خوش نظر آئے۔اس سے قبل کراچی ٹیسٹ کے اختتام کے بعد پاکستان ٹیم نے سری لنکن ٹیم کے ڈریسنگ میں جاکر کھلاڑیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔