• news

بنگلہ دیش دورہ پاکستان کیلئے رضا مند، ٹیسٹ سیریز کا فیصلہ مشروط

لاہورر( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) بنگلہ دیش نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر ایک مرتبہ پھر ہچکچاہٹ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹی20 سیریز کیلئے دورہ پاکستان کیلئے رضامند ہیں اور اس سیریز کے بعد ٹیسٹ سیریز کے بارے میں فیصلہ کیا جائیگا۔پاکستان اوربگلہ دیش کے درمیان آئندہ سال جنوری اور فروری میں ٹی20 اور ٹیسٹ سیریز شیڈول ہے او ٹی20 سیریز کیلئے تو ٹیم پاکستان بھیجنے کیلئے تیار ہے لیکن ٹیسٹ میچز کیلئے سکیورٹی کو بنیاد بنا کر دورے سے انکار کی وجوہات تلاش کر رہا ہے۔بنگلہ دیش کا موقف تھا کہ وہ ٹی20 میچز کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنے کیلئے تو تیار ہیں لیکن سکیورٹی خدشات کے سبب ٹیسٹ میچز کیلئے ٹیم کو پاکستان نہیں بھیج سکتے ہیں کیونکہ ٹیم زیادہ عرصے پاکستان میں قیام نہیں کر سکتی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ پاکستان نیوٹرل مقام پر کوئی سیریز نہیں کھیلے گا۔ پاکستان کے اس موقف کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے بیان میں نسبتاً نرمی آئی ہے اور انہوں نے پاکستان میں ٹی20 سیریز کھیلنے کے بعد اس کی بنیاد پر ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلنے کا فیصلہ کریں گے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیشی بورڈ پاکستان کرکٹ بورڈ کے جذبات کو سمجھتا ہے لیکن ہم کوئی بھی فیصلہ اپنے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے خیالات کو مدنظر رکھ کر کریں گے۔ ہم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کے لیے کوشاںہیں لیکن ہمیں اپنے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے خیالات کے بارے میں بھی سوچنا ہوتا ہے جن میں سے کچھ غیرملکی ہیں، پاکستان میں طویل دورے کیلئے میچ کا ماحول بھی بہت اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ابتدائی طور پر ٹی20 میچز کھیلنے کی تجویش پیش کی ہے تاکہ کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ صورتحال کا بخوبی جائزہ لے سکیں۔ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے تاحال خط کا جواب نہیں دیا ‘ پہلے ٹی ٹونٹی اور بعد میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے حوالے سے باضابطہ نہیں بتایا‘ جواب کے بعد رد عمل دینگے۔

ای پیپر-دی نیشن