• news

مقبوضہ کشمیر: بھارت فوج کی 72 کمپنیاں واپس بلانے کا فیصلہ، بلیک آؤٹ ختم کیا جائے: امریکی رکن کانگریس

سرینگر(صباح نیوز‘اے پی پی)مقبوضہ جموں کشمیر کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں کشمیر سے بھارتی فوج کی 72 کمپنیوں کو واپس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔مقبوضہ جموں کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مرتکب بھارت کو منہ کی کھانا پڑی۔ بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں کشمیر سے پولیس اور پیرا ملٹری فوج کی 72 کمپنیوں کو واپس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بھارتی وزارت داخلی امور نے چیف اور ہوم سیکریٹری سری نگرکو احکامات جاری کر دیئے۔ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 143ویں روز بھی بھارتی فوجی محاصرہ جاری رہا جسکی وجہ سے خوف و دہشت کا ماحول اور غیر یقینی صورتحال بدستور برقرار رہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سرینگر اور مقبوضہ وادی کے دیگرقصبوں میں دفعہ 144کے تحت سخت پابندیاںنافذ ہیں اورچپے چپے پر بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیر اکنامک الائنس نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں کاروبار ی سرگرمیاں اکثر متاثر رہتی ہیں لیکن پانچ اگست سے جاری بھارتی محاصرے ، پابندیوں او ر انٹرنیٹ کی بند ش کے باعث تاجروںکا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔وادی کے بیشتر مقامات پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا ہے ۔ سری نگر میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور یہ رواں موسم سرما کی اب تک کی سرد ترین رات تھی۔امریکی رکن کانگریس پرامیلا جے پال نے بھارت سے مقبوضہ کشمیرمیں جاری بلیک آئوٹ ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔امریکی رکن کانگریس نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 144 بچوں سمیت 5 ہزار کشمیری زیرحراست ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتارافراد کو رہائی دی جائے اور انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ان کا کہنا ہے خود بھارتی اراکین پارلیمنٹ کو بھی مقبوضہ وادی جانے کی اجازت نہیں جبکہ بھارتی وزیرخارجہ کا مجھ سے ملنے سے انکار بھارتی کمزوری کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا ہے بھارتی وزیرخارجہ اس ئے نہیں ملے کیوں کہ میں نے ایوان میں کشمیر پر قرارداد پیش کی۔پرامیلا جے پال نے کہا کہ بدقسمتی سے اب مودی سرکارکی جانب سے شہریت کا نیا قانون متعارف کرایا جارہا ہے،جس میں مسلمانوں کو تعصب کا شکار بنایا گیا ہے جو سیکولر پالیسیوں سے انحراف ہے۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسام کے 20لاکھ باسیوں کو شہریت سے محروم کیے جانیکا خدشہ ہے جبکہ بھارت بھرمیں اقلیتوں پرحملیبڑھ گئے ہیں وہاں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی خراب ہوگئی ۔آئی این پی کے مطابق ضلع کپواڑہ میں فوجی جیپ میں آتشزدگی کے نتیجے میں 2 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ دونوں اہلکار فوجی جیپ کے اندر سورہے تھے۔ حادثہ قابض بھارتی فوج کے چیرکوٹ آرمی کیمپ کے سیکٹر 8 کے اندر پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے قابض فوجیوں کی شناخت سوراب کتاریہ اور اکشے ویرپرتاب کے نام سے ہوئی جن کا تعلق بالترتیب راجھستان اور کیرالا سے تھا۔

ای پیپر-دی نیشن