نوجوان قیادت قائداعظم کو رول ماڈل بنائے، اقلیتوں سمیت تمام پاکستانیوں سے یکساں سلوک روا رکھیں گے: عمران
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نوجوان لیڈرشپ کو قائداعظم کو اپنا رول ماڈل بنانا چاہئے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں بطور قوم ملک کو قائد کے ویژن کی روشنی میں اسلامی ویلفیئر سٹیٹ میں ڈھالنا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی ریاست بنانی ہے جہاں انصاف کی فراہمی اور قانون کی عملداری ہو، نوجوان لیڈرشپ کو قائداعظم کو اپنا رول ماڈل بنانا چاہئے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ قائداعظم صادق اور امین تھے، ان کی 40 سالہ جدوجہد کسی ذاتی مقصد کے لئے نہیں تھی، انہوں نے اتنی جدوجہد مسلمانوں کے لئے الگ ملک کے حصول کی خاطر کی۔ اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے مسیحی برادری کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج امن، محبت، رواداری اور انسانیت کا پیغام عام کرنے کا دن ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت اقلیتوں سمیت تمام پاکستانیوں کیساتھ یکساں سلوک روا رکھے گی، پاکستان میں اقلیتی برادری کو مکمل معاشی، سیاسی اور مذہبی آزادی حاصل ہے، اقلیتیں ملکی ترقی کیلئے تمام شعبوں میں کردار ادا کر رہی۔