شہریت بل کیخلاف احتجاج جاری، مودی کی پالیسیوں نے بھارت کو کھوکھلا کر دیا: ایشیا ٹامز
نئی دہلی(این این آئی)مودی حکومت کی جانب سے کیے گئے حالیہ مسلمان مخالف فیصلوں پر بھارتی عوام سراپا احتجاج ہیں جبکہ بھارت میں مودی کو ہٹلر سے تشبیہ دی جانے لگی ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارت میں بھی نریندر مودی کو ہٹلر سے تشبیہ دیتے ہوئے بھارتی عوام نے احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران بھارتی عوام نے کارٹون پر مبنی پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جس پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ہٹلر نے مودی کو اپنے ہاتھوں پر اٹھایا ہوا ہے۔روسی میڈیا کے مطابق شہریت کے متنازع بل کے خلاف بھارت میں ہوئے احتجاج کی یہ تصویر جرمن ٹی وی نے بھی نشر کی ہے ، جس کے بعد کارٹون سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ادھر ہانگ کانگ سے شائع ہونے والے انگریزی اخبار’’ا یشیا ٹائمز‘‘نے ایک رپوٹ میں لکھا ہے کہ بھارت کو کئی دہائیوں سے جاری سفارتی فتوحات کے بعد اب عالمی سطح پر غیرمعمولی شک و شبہات اور بے توقیری کا سامنا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اخبار نے لکھا کہ بھارت کی حیثیت کو عالمی سطح پر کھوکھلا کرنے میں نریندر مودی حکومت کی تین اہم پالیسیوں مذہب کی بنیاد پر شہریت کا قانون، کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمے اور نوٹ بندی نے اہم کردار ادا کیا۔ اخبار لکھتا ہے کہ رواں برس اپریل، مئی میں ہونے والے عام انتخابات میں نریندر مودی نے دوسری بار حکومت کے لئے بھاری کامیابی حاصل کی لیکن ابتدائی چند مہینوں میں ہی پالیسیوں کی بڑی تبدیلیوں نے اب انکی حکومت کو عالمی سطح پر مشکلات میں ڈال دیا ہے ۔ ایشیاء ٹائمز نے لکھا کہ شہریت بل کو بھارتی آئین کی خلاف ورزی کے طور پر دیکھا جارہا ہے اور بہت سے لوگوں کو خدشہ ہے کہ شہریوں کا قومی اندراج شروع ہونے کے بعد مسلمانوں کو حق شہریت سے محروم کیا جائے گا۔ اخبارمزید لکھتا ہے بھارت اس قانون کی زد میں آنے والوں کیلئے حراستی مراکز تعمیر کرنا شروع کر چکا ہے اوریہ مراکز نازیوں کے تعمیر کردہ حراستی کیمپوں سے ملتے جلتے ہیں۔