قائد اعظم مایوس مسلمانوں کیلئے رحمت تھے، پارٹی نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالے گی: شہباز شریف
اسلام آباد (وقاء نگار خصوصی/ این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ قائداعظم ایک سچے، کھرے، دیانت دار، جمہوریت پسند، دوراندیش اور عشق رسول کی دولت رکھنے والی عظیم شخصیت تھے، محمد علی جناح مایوسیوں کا شکار مسلمانان برصغیر کے لئے اللہ تعالی کی رحمت ثابت ہوئے، انہوں نے جمہوری اصولوں اور سچائی کی بنیاد پر اپنے مخالفین کو لاجواب کر دیا۔ شہبازشریف نے قائداعظم کے 144ویں یوم ولادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ دلیل، اصول، سخت مخالفین کے لئے بھی شائستگی اور جمہوری مزاج قائد کی پہنچان رہے، دریں اثناء شہبازشریف نے پارٹی قائد محمد نوازشریف کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اور پارٹی کارکنان سمیت پارٹی قائد محمدنوازشریف کو مبارک دیتا ہوں۔ محمد نوازشریف قائد اعظم محمد علی جناح کے سچے سپاہی ہیں قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کی جدوجہد میں محمد نوازشریف کا کردار تاریخی اور ناقابل فراموش ہے۔ نوازشریف نے اسلاف کی بصیرت کی روشنی میں پاکستان کی خالق جماعت مسلم لیگ کی تشکیل نو کی پاکستان کے جس کونے میں جائیں، اپنے پیغام میں انہوں نے کہا پاکستان کو ترقی کی نئی منزلوں سے ہمکنار کیا۔ محمد نوازشریف نے پاکستان اور قوم کا سر کبھی جھکنے نہیں دیا، ہر وعدہ پورا کیا مشکل ترین حالات میں بھی نوازشریف نے پارٹی، کارکنان اور قوم کو ایک نیا ولولہ تازہ دیا نوازشریف جیسا مخلص، عوام دوست اور ملک وقوم کا وفادار لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتا ہے۔ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) ایک بارپھر پاکستان کو مشکلات اور بحرانوں سے نکالے گی قوم سے وعدہ ہے کہ نوازشریف کی قیادت میں بجلی کے اندھیروں کی طرح معاشی اندھیرے بھی مٹا کر دم لیں گے۔