65 ویں نیشنل ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ کی تیاریاں مکمل
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام 65 ویں نیشنل ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ 2019ء کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ 28 سے 30 دسمبر سے لاہور میں منعقدہ تین روزہ چیمپئن شپ میں پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن سے الحاق رکھنے والے تمام یونٹس شریک ہونگے۔ صدر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن سید اظہر شاہ کا کہنا ہے کہ ٹریک چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری آئی پی سی اکبر درانی ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سائیکلنگ کے کھیل کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ حکومت کی جانب سے فنڈز جاری کیے جائیں۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن جان بوجھ کر سائیکلنگ کے کھیل کو متنازعہ بنا رہی ہے جبکہ یوسی آئی اور ایشین باڈی کی جانب سے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن جو کہ سید اظہر شاہ کی زیر قیادت کام کر رہی ہے اسے تسلیم کیا جاتا ہے۔ ساوتھ ایشین گیمز میں بھی پی او اے نے جان بوجھ کر سائیکلنگ ٹیم کو نہ بھجوا کر پاکستان کو یقینی میڈلز سے محروم کیا ہے جس کی فیڈریشن کی سطح پر بھرپور مذمت بھی کرتے ہیں۔ لاہور میں منعقد ہونے والی ٹریک چیمپئن شپ سے بہترین سائیکلسٹ کا چناو بھی کیا جائے گا ۔جنہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ٹرینگ دی جائے گی۔ 28 سے 30 دسمبر تک 65 ویں ٹریک چیمپئن شپ میں مینز اور ویمنز دونوں کے مقابلے ہونگے جس کے لیے آفیشلز کا پہلے سے اعلان کر دیا گیا ہے۔ ٹیموں کی لاہور آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔