وزیراعظم، شاہ محمود سعودی ویزرخارجہ کی ملاقات، کشمیر سمیت علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھنے کا عزم
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی +سٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران باہمی تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے جو کہ قریبی دوستانہ و تاریخی تعلقات اور عوام کی سطح پر تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے فروری 2019ء میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے دونون ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے معاشی تعلقات اور مختلف شعبوں بالخصوص پیٹرو کیمیکلز، معدنیات اور قابل تجدید توانائی میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کے عزم کو سراہا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ سعودی عرب کی ٹیم سیاحتی شعبہ کی ترقی میں تعاون کے لئے جلد پاکستان کا دورہ کرے گی وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی المیہ اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو تفصیل سے اجاگر کیا۔ انہوں نے بھارت کے امتیازی شہریت ترمیمی قانون اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز پر بھی روشنی ڈالی عمران خان نے کہا کہ بھارت کے کنٹرول لائن پر جارحانہ اقدامات سے کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور علاقائی امن و استحکام دائو پر لگ گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری کو کشمیری عوام کی آزادیوں اور حقوق کے تحفظ، تنازعہ جموں و کشمیر کے حل کے لئے سہولت فراہم کرنے اور بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی جانب سے پاکستانی عوام اور قیادت کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کی جانب سے علاقائی امن و استحکام کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ نے سعودی قیادت کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور کثیر الجہتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب دوست ملک پاکستان کی مدد کرتا رہے گا۔ شہزادہ فیصل نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کو اہم قومی معاملات پر فوری تعاون کا بھی اعادہ کیا۔ تنازعہ جموں و کشمیر کے تناظر میں اسلامی تعاون تنظیم کے کردار میں اضافے پر بھی غور کیا گیا۔ فریقین نے مسلسل اعلیٰ سطحی رابطے برقرار رکھنے اور باہمی امور اور علاقائی مسائل پر قریبی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان وزراء خارجہ کی سطح پر مذاکرات کا دور گزشتہ روز دفتر خارجہ میں ہوا۔ دونوں وزراء خارجہ کی ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے معاملات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کثیر الجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی حمایت پر سعودی وزیر خارجہ اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے وفد کو عشائیہ بھی دیا دونوں وزرائے خارجہ کا کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر باہمی مشاورت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا بعد ازاں سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود پاکستان کے ایک روزہ سرکاری دورہ کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے ۔ وہ جمعرات کی صبح اسلام آباد پہنچے تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انہیں الوداع کیا۔ دورے کے اختتام پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا ہے کہ مجھے اپنے پاکستانی بھائی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کرکے نہایت خوشی ہوئی ملاقات کے دوران مفید اور تعمیری امور زیر بحث لائے گئے ہم نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور نئے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کا عزم کا اعادہ کیا کیا۔