• news

بھارت آزاد کشمیر میں کارروائی کر سکتا ہے، 2020 بدعنوانوں کیلئے مشکل، نوکریوں کا سال: عمران

اسلام آباد / پنڈدادنخان (وقائع نگار خصوصی، نامہ نگار، سٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نریندرمودی نے دنیا کی نظر کشمیر سے ہٹانے کے لئے وہ کوئی بھی ایڈونچر کرنا چاہتا ہے۔ مودی بھارت میں جاری احتجاج کے باعث بھی سرحد پر اشتعال انگیزی کر رہا ہے ۔ دنیا کی بار بار توجہ امن کی طرف دلا رہے ہیں۔ پشین گوئی کررہا ہوں کہ مودی کا متنازعہ شہریت بل، کشمیر میں زیادتی اور گجرات جیسے واقعہ کے خلاف بھارتی عوام نریندر مودی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے جن میں ہندو، سکھ، عیسائی، مسلمان سب شامل ہونگے۔ ملکی دفاع کیلئے ہماری حکومت اور چیف آف آرمی سٹاف قمر باجوہ کی تیاری مکمل ہے۔ ہم مہم جوئی کا مقابلہ کریں گے۔ مودی تکبر میں فرعون بنا ہوا ہے اور لوگ دیکھیں گے کہ عوام اس کے خلاف نکلیں گے اور ظلم کے نظام کو ہندوستان کے اندر سے ہی ختم کریں گی اس کے لئے پاکستان کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ نریندر مودی کشمیر کے معاملے پر ضرور کچھ کرے گا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کئی بار بتایا ہے کہ بھارت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، مودی کے اقدام سے 80 لاکھ لوگ محصور ہو کر رہ گئے ہیں، یہ مودی گجرات کے مسلمانوں کا بھی قاتل ہے۔ ہم نے ایک سال میں آدھا ٹیکس کا پیسہ قرضوں کے سود میں ہی ادا کر دیا ہے، پرانی لیڈر شپ ڈالر خرید کر باہر بھیج رہی تھی، پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے اور اب روپے کی قیمت بھی آہستہ آہستہ بہتر ہو رہی ہے، انہوں نے یہ بات پنڈدادنخان میں 121 سال پرانے تاریخی منصوبے جلالپور کینال کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 2020ہماری ترقی اور نوکریاں دینے کا سال ہے، ہمارے ملک میں دنیا کی ہر نعمت موجود ہے، ملک میں موجود مافیا ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے، یہ تبدیلی کا خواہشمند نہیں، اخبارات میں بھی مافیا بیٹھا ہے، میں وزیر اعظم بنا تو قوم کو کہا تھا کہ گھبرانا نہیں، ہم مشکل وقت سے گزریں گے کیونکہ اصلاحات مشکل ہوتی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پنڈدادنخان کو اپنا علاقہ کہتا ہوں معلوم ہے کہ یہاں کے لوگوں کو پینے کا پانی کا شدید مسئلہ ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہ کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شکریہ کے مستحق ہے کہ انہوں نے 120 سالہ پرانے پروگرام کو عملی جامہ پہنایا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایل او سی پر شہید ہونے والے جوانوں کے گھر والوں سے اظہار افسوس اور ہمدردی کرتا ہوں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے ایک سال مشکل وقت میں گزارا معیشت تباہ تھی اور قرضوں میں تھا۔ آج ملک میں برآمدات بڑھ رہی ہے اور ملک میں سرمایہ کاری آ رہی ہے ، سیاستدانوں کا مافیا شور مچا تا ہے ا ور برا بھلا کہتا ہے کہ ملک تباہ ہو رہا ہے ان کو اس چیز کا خوف ہے کہ حکومت کامیاب ہو گئی تو وہ جیلوں میں جائیں گے۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اخباروں میں مافیا بیٹھا ہے اور آپ دیکھیں گے کہ اخباروں میں ہر روز صرف بری خبریں ہی لگی ہوتی ہیں اور کئی ایسے صحافی ہیں جو پرانے نظام سے فائدہ اٹھارہے تھے، پیسے بنا رہے تھے آج ان کی روزی بند ہے اس لئے حکومت کے خلاف لکھ رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ایک کسٹم کلکٹر70 کروڑ روپے ماہانہ ناجائز طریقے سے کما رہا تھا اور اسی طرح کے لوگ حکومت تبدیلی سے ڈر رہے ہیں۔ کرپٹ مافیا کیلئے 2020 مشکل سال ہو گا۔ بدعنوان افراد کیلئے برا وقت آنے والا ہے اور عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ سارے چوراور ڈاکو پھر سے شور مچائیں گے جیسے آزادی مارچ میں کیا۔ عمران خان نے کہا کہ وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتی جب تک کرپشن ختم نہیں ہو تی ہمیں بھی بڑے کرپٹ لوگوں سے حساب لینا ہوگا اور اس کے لئے عوام کو میرے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا اور کرپٹ مافیا کو شکست دینی ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارت اپنے داخلی مسائل اور صورتحال سے توجہ ہٹانے کیلئے آزادکشمیر میں کوئی کارروائی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں کرپشن ہوتی ہے وہاں کے ادارے تباہ ہو جاتے ہیں، کرپشن ملک میں میرٹ کو تباہ کر دیتی ہے، ہماری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے، ہم اپنے ملک کو اوپر لے جانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے 450 وزراء کو کرپشن پر جیلوں میں ڈالا جب کہ امریکہ میں 30 سال بعد بھی لوگوں کو کرپشن میں پکڑا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی حکمرانوں کی وجہ سے ملک مقروض ہوا، آپ نے میری ٹیم بننا ہے اور ان کرپٹ لوگوں کو شکست دینی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران نے ہائیڈرو پاور منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ اور سستی بجلی کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ متعلقہ وزارتیں ہائیڈرو پاور منصوبوں سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ وزیرِاعظم کے زیر صدرات اہم ہائیڈرو پاور منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ان منصوبوں کے قیام میں پیشرفت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی تکمیل کے سلسلے میں ہر ممکنہ معاونت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ فیز ٹو 2025ء میں شروع ہو کر 2027ء تک مکمل کیا جائے گا۔ دیامیر بھاشا ڈیم 2020ء سے شروع اور 2027ء تک مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان آج کراچی کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ وزیراعظم گورنر سندھ سمیت ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ اسد عمر کے بیٹے کے ولیمے میں بھی شرکت کریں گے۔ ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت میں آر ایس ایس مسلمانوں کی نسل کشی کے نظریئے پر آگے بڑھ رہی ہے۔ عالمی برادری کو مسلمانوں کی ممکنہ نسل کشی سے پہلے جاگنا چاہئے۔ ہٹلر کی براؤن شرٹس یا آر ایس ایس طرز پر ملیشیا بننے سے نسل کشی ہی ہوئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن