• news

ایف آئی اے کا مسلم لیگ ن سیکرٹریٹ پر چھاپہ، ریکارڈ قبضے میں لے لیا

لاہور+اسلام آباد(ایجنسیاں‘ وقائع نگار خصوصی، نوائے وقت رپورٹ) ایف آئی اے نے مسلم لیگ (ن) کے ماڈل ٹائون میں قائم مرکزی سیکریٹریٹ پر چھاپہ مار کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔ ایف آئی اے کی چار رکنی ٹیم نے دفتر پر چھاپہ مارا جس میں ایک خاتون افسر بھی شامل تھیں۔ عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ایف آئی اے کی جانب سے یہ چھاپہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے جج ارشد ملک کے حوالے سے کی گئی پریس کانفرنس سے متعلق مواد کے لیے مارا گیا۔ جج ارشد ملک کے معاملے میں حکومت پارٹی بن گئی ہے حالانکہ ناصر بٹ نے لندن میں ہائی کمیشن کو متعدد مرتبہ مذکورہ ویڈیو کی تصدیق کرنے کی کوشش کی لیکن اس کو نہیں لیا گیا۔ سپریم کورٹ نے خود کہا تھا کہ ارشد ملک نے عدلیہ کا سرشرم سے جھکا دیا ہے۔ عطااللہ تارڈ نے کہا کہ سابق ڈی جی ایف آئی اے نے غیرقانونی احکامات ماننے سے انکار کیا تھا، وزیراعظم عمران خان انتقامی سیاست پر اتر آئے ہیں۔ ارشد ملک کو تو آج تک کسی نے کچھ نہیں کہا، عمران احمد نیازی اور اس کی حکومت کا سارا زور مسلم لیگ(ن) پر چلتا ہے۔ ہم ڈٹے ہوئے ہوئے ہیں، آپ کی فسطائیت ، آپ کی انتقامی کارروائیوں اور آپ کی فاشسٹ سوچ کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ عمران خان کی حکومت جس طرح مقدمات بناتی ہے، جس طرح رانا ثنااللہ کا مقدمہ بنایا، یہ جھوٹے کاغذ دکھا کر ہمارا میڈیا پر ٹرائل تو کرتے ہیں لیکن عدالت میں ان کے پاس دکھانے کو کچھ نہیں ہوتا۔ عمران خان کی یہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، ہمارے یہاں ایک آئی ٹی روم ہے اور ہمارا ریکارڈ ہوتا ہے جہاں ہمارے آلات موجود ہیں، جس میں الیکشن اور سیاسی حوالے سے ہماری جو دستاویزات تھیں اس کی ہارڈ ڈرائیو لے کر گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے چھاپے پر ایف آئی اے کے ڈی جی واجد ضیاء پر ڈکیتی کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان کر دیا۔ آج احتجاجی ریلی بھی نکالی جائے گی۔ چھاپے سے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر احمد میمن کی کہانی سچ ثابت ہوگئی، بشیر میمن نے عمران خان کا آلہ کار بننے سے انکار کر دیا تھا۔ نوازشریف کے خلاف بدنام زمانہ "ہیروں" کو پھر سے استعمال کرنیکا فیصلہ کیا گیا، چھاپے سے ثابت ہوگیا کہ جج ارشد ملک کی ویڈیو اصلی ہے۔ ترجمان ن لیگ نے کہا نیب نیازی گھٹ جوڑ ناکام ہو رہا ہے،جھوٹے مقدمات کیثبوت نہیں مل رہے تو ایف آئی اے کو اب دباؤ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ حکومت عدلیہ کے فیصلوں پر اپنا غصہ مسلم لیگ ن سیکرٹریٹ پر بلاجواز چھاپے مار کر نکال رہی ہے، سیاسی جماعتوں کے دفاتر کو بھی سیاسی انتقام کے تحت پامال کیاجا رہا ہے۔ ایسے اقدامات سے ہمارے حوصلے پست ہوں گے نہ ہم سچ بولنا چھوڑیں گے، عمران نیازی اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ایک اور قومی ادارے کو سیاست میں الجھا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن