بلاول، حمزہ، مریم کی طرح منی لانڈرنگ میں ملوث، گرفت میں آئینگے: شیخ رشید
اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر عدالتی فیصلوں پر زیادہ بات نہیںکروں گا۔ ہمیں عدالتی فیصلے قبول ہیں، عدلیہ آزاد ہے اور سابق آرمی چیف پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے فیصلے پر لیگل ٹیم ہی بات کرے گی۔ جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی حمزہ شہباز شریف اور مریم نواز کی طرح منی لانڈرنگ میں ملوث ہو گئے، گرفت میں آئیں گے۔ آصف زرداری کراچی میں بیٹھ کر بلاول کے خلاف کیسز میں شہادتیں ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو وہ نہیں کر سکیں گے، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر تمام سیاسی پارٹیوں میں اتفاق رائے ہے اور ایک پیج پر ہیں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اللہ پاک بلاول کو ہدایت دے۔ بلاول خطرناک بنے پر وائلڈ (جنگلی) نہ بنے، بلاول کو کلین چٹ دلانے کیلئے آصف زرداری کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔ 27 دسمبر کو بلاول ہمارے شہر میں آرہا ہے کارکنوں سمیت سب کو ویلکم کریں گے۔ انڈیا کے مسلمان جاگ گئے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ مودی مارچ تک پاکستان کی سرحدوں سے چھیڑچھاڑ کرے۔