احساس پروگرام کے تحت50تعلیمی وظائف طالبات کیلئے رکھنا خوش آئند ، شفافیت یقینی بنائینگے : صدر علوی
اسلام آباد (نامہ نگار)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تعلیمی وظائف کی اہمیت سے ہر کوئی واقف ہے‘ تعلیمی وظائف کے اجراء میں شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، خاندان کی تربیت میں پڑھی لکھی خواتین کا بنیادی کردار ہے۔’’احساس انڈر گریجویٹ پروگرام‘‘ میں طالبات کے لئے 50فیصد وظائف رکھے گئے ہیں جو خوش آئند ہے۔ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے ہائرایجوکیشن کمیشن میں ’’احساس انڈر گریجویٹ پروگرام‘‘ کے تحت وائس چانسلرز کمیٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا زمانہ طالبعلمی میں قابلیت کی بنیاد پر تعلیمی وظائف حاصل کرچکا ہوں اورپہلی ماسٹر ڈگری تعلیمی وظیفے کے ذریعے مکمل کی۔انہوں نے کہا کہ اس لئے تعلیمی وظائف کی اہمیت سے بخوبی واقف ہوں اور اس اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔صدر مملکت نے کہا کہ احساس انڈر گریجویٹ پروگرام کے تحت تعلیمی وظائف کا یہ پہلاپروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت 50 ہزار سے زائد طلباء کو ہر سال تعلیمی وظائف فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ خواتین خاندان کی تربیت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور احساس پروگرام کے تحت 50 فیصد تعلیمی وظائف طالبات کے لئے رکھنا خوش آئند اقدام ہے۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر احساس پروگرام کے تحت شروع کئے گئے اس اہم نوعیت کے پروگرام کے آغاز پر مبارکباد کی مستحق ہیں‘ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریب ترین خاندانوں کی کفالت کا جو طریقہ کار اختیار کیا ہے اس پروگرام کی شفافیت کے لئے اس کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پڑھی لکھی خواتین تعلیمی ڈگریاں مکمل کرنے کے بعد گھریلو ذمہ داریوں میں مصروف ہو جاتی ہیں اس کی اپنی جگہ اہمیت ہے لیکن پڑھی لکھی خواتین کو معاشرے کی تعمیر و ترقی میں عملی کردار ادا کرنے کے لئے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔