بنگلہ دیش نے پاکستان سے ٹی 20 سیریز کھیلنے کیلئے بھی شرط رکھ دی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر ناظم الحسن کی بورڈ ممبران سے ملاقات ہوئی ہے جس میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ناظم الحسن نے سینئر بنگلہ دیشی کرکٹرز مشفیق الرحیم اور محمود اللہ ریاض سے بھی ملاقات کی۔ملاقاتوں کے بعد صدر بی سی بی کا کہنا تھا بنگلہ دیش پاکستان میں ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلے گا، کوچنگ سٹاف پاکستان میں لمبا عرصہ رہنا نہیں چاہتا۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کیلئے تیار ہیں مگر سینئر پلیئرز سے بات کرینگے، پاکستان میں سکیورٹی انتظامات پر مثبت اشارے ملے ہیں، حال ہی میں ہماری ٹیموں نے دورہ پاکستان کیا لیکن سکیورٹی پر سوالات نہیں اٹھائے گئے۔ناظم الحسن کا مزید کہنا تھا کہ سینئر ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے بارے میں ابھی ہم نے جاننا ہے کہ وہ واقعی پاکستان جانا چاہتے ہیں یا نہیں، حکومتی گرین سگنل ملنے اور مضبوط ٹیم کی تشکیل کے بعد ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کے سوال پر بات ہو گی۔سینئر کھلاڑی ٹی ٹونٹی کھیلنے سے بھی ہچکچا رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو پہلے ہی آگاہ کر دیا ہے کہ اگر ہماری ٹیم کے کھلاڑی تیار ہوئے تو اپنی ٹی ٹونٹی ٹیم پاکستان بھیجنے کیلئے تیار ہیں۔ اگر ٹیم تیار ہوئی تو ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ سینئر کھلاڑی پاکستان بھیج دیں گے تاہم ہماری ٹیم کے چند سینئرز پلیئرز پاکستان جانے سے گریزاں ہیں۔ ہم اپنی حکومت کی کلیئرنس کا انتظار کر رہے ہیں، ہمیں اپنی سکیورٹی ایجنسیوں سے کلیئرنس بھی درکار ہے، یہاں میں ایک چیز واضح کر دوں کہ بورڈ کسی بھی کھلاڑی پر ٹور کیلئے دباؤ نہیں ڈال سکتا۔ غیر ملکی کوچنگ سٹاف بھی ٹیسٹ میچز کیلئے پاکستان جانے کو تیار نہیں،7 دن کے دورہ میں 3ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کیلئے جاسکتے ہیں۔ یہ ابھی واضح نہیں کی مختصر فارمیٹ کے میچز کیلئے ٹیم پاکستان جاتی ہے تو کوچنگ سٹاف یا کھلاڑیوں میں سے ساتھ جانے یا نہ جانے کا فیصلہ کون کرتا ہے۔بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔پی سی بی بنگلہ دیش کے جواب سے غیر مطمئن ہے اور ٹیسٹ سیریز بیرون ملک منتقل کرنے سے انکار کرتے ہوئے دوبارہ خط لکھ کر ٹیسٹ میچز نہ کھیلنے کی وجہ دریافت کی ہے۔بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے گزشتہ بدھ کو لکھے گئے خط کا جوب دیا ہے جس میں بتایا ہے کہ وہ اس وقت ٹیسٹ میچز نہیں کھیل سکتے البتہ ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے پانچ دن کیلئے پاکستان آسکتے ہیں۔خط میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان آکر ٹیسٹ نہ کھیلنے کی وجہ نہیں بتائی جس کے بعد پی سی بی نے بنگلہ دیش کو دوبارہ خط لکھا ہے اور ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے کی وجہ دریافت کی ہے۔پی سی بی نے خط میں تحریر کیا ہے کہ بنگلہ دیش کی دو ٹیمیں حال ہی میں پاکستان میں سیریز کھیل چکی ہیں، پاکستان اور سری لنکا کی سیریز ہوچکی ہے تو پھر اب ایسی کیا وجہ ہے کہ بنگلادیش ٹیسٹ میچز نہیں کھیل سکتا؟ اگر سکیورٹی کے حوالے سے خدشات ہیں تو آزادانہ کنسلٹنٹ سے پوچھا جاسکتا ہے، آئی سی سی سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ پی سی بی نے اس تاثر کو غلط قرار دیا ہے کہ اگلے برس مارچ میں بنگلہ دیش میں ورلڈ الیون اور ایشیا الیون کے درمیان میچز کیلئے پاکستان کے کھلاڑیوں کو ایشیا الیون میں شامل نہیں کیا جا رہا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ دعوت نامہ ملا تھا لیکن پاکستان سْپر لیگ کے سبب کھلاڑیوں کو بھیجنا ممکن نہیں۔