• news

شہباز شریف نے سرپلس صوبہ 2 ہزار ارب کا مقروض کر دیا: پرویز الہیٰ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ سموگ کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، بطور وزیراعلیٰ پنجاب ویژن 2020ء کے تحت پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ماحول کی بہتری کیلئے 200 ملین کا اضافہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ق) کے تحت ہونیوالی پہلی ماحولیاتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پلڈاٹ احمد بلال محبوب اور رضوان ممتاز علی سربراہ مسلم لیگ رپیٹڈ ونگ نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ کامل علی آغا، خدیجہ فاروقی، ڈاکٹر زین بھٹی، احمد فاران خان، مظہر علی لغاری، آمنہ الفت سمیت دیگر شخصیات بھی کانفرنس موجود تھیں۔ چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ پنجاب کی ترقی کیلئے دن رات کام کرکے صوبے کو سرپلس بنایا تھا مگر شہباز شریف کی نااہلی کی وجہ سے میرے دور کا سرپلس صوبہ 2 ہزار ارب کا مقروض ہوگیا، اب صوبے کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس میں وقت لگے گا، موسمی ماحول ٹھیک کرنے کے ساتھ ساتھ سیاسی ماحول بھی ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ میں نے اپنے دور وزارت اعلیٰ میں اپنے ویژن 2020ء پروگرام کے تحت پنجاب کی تاریخ میں پہلی دفعہ مضر ماحولیات اثرات کے تدارک کیلئے عملی اور دوررس اقدامات کئے۔ حال ہی میں میرے پاس پاکستان میں موجود ایک کورین کمپنی کے سربراہ پنجاب میں سموگ کے خاتمہ کا ایک مصوبہ لے کر آئے ہیں۔ اس منصوبے کے مطابق کسانوں کو فصل کاٹنے کے بعد رہ جانے والے مڈھ جلانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور یہ کمپنی کسانوں کو مڈھ نہ جلانے پر الٹا معاوضہ دے گی۔ اس مجوزہ منصوبے کے مطابق وہ کمپنی کھیتوں سے خود مڈھ کاٹ کر ان سے گیس پیدا کرگی جوگھریلو اور صنعتی استعمال کیلئے انتہائی سستی اور سو فیصد ماحول دوست ہوگی۔ حکومت پنجاب کو اس پیشکش کو فوری منظور کرنا چاہئے اور اس پر کام شروع کرنا چاہئے۔ تیزی سے بڑھتی آبادی اور شہروں کے وسائل پر حد سے زیادہ بوجھ ہمارے ماحولیاتی مسائل کی بڑی وجوہات ہیں۔ درختوں کے کٹاؤ، صنعتوں کے پھیلاؤ اور پٹرول و ڈیزل سے چلنے والی ٹرانسپورٹ نے پنجاب میں فضائی آلودگی میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ اس ماہ کی ائر کوالٹی انڈکس کے مطابق بدقسمتی سے لاہور دنیا کا آلودگی ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ یہ انتہائی تشویشناک امر ہے کہ ہماری فضا میں موجود زہریلا دھواں سموگ کی شکل میں خطرناک سطح سے کہیں زیادہ تجاویزکر چکا ہے۔ کارکن ایکو فرینڈز کے تحت بلاتفریق اپنے علاقہ کے عوام کی خدمت کریں گے۔ مجھے امید ہے کہ آنیوالے دور میں پاکستان مسلم لیگ ایکو فرینڈز کے ذریعے عوامی خدمت اور بہتر ماحولیات کیلئے بہترین نتائج دے گی۔ بعدازاں چودھری پرویزالہیٰ نیایکو فرینڈز کے زیر اہتمام مختلف اضلاع میں بہترین کارکرگی پر ٹیم لیڈر رضوان ممتاز علی، خدیجہ فاروقی، شاکر حسین شاہ اور دیگر رہنماؤں کو اعزازی شیلڈ بھی دیں۔

ای پیپر-دی نیشن