صدر، وزیراعظم سے اماراتی وزیر کی ملاقات، عمران نے کشمیر، شہریت قانون پر تشویش سے آگاہ کیا
اسلام آباد(سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بھرپور کوشش ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ثقافت اور سیاحت سمیت تمام شعبوں میں موجودہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار صدر نے متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے بردباری شیخ نیہان بن مبارک النیہان کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے علاقائی امن و استحکام کیلئے متحدہ عرب امارات کی کوششوں کو سراہا۔ صدر مملکت نے اس بات کو اجاگر کیا کہ 16 لاکھ پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے دونوں ممالک کے د رمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں پل کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی ورکرز کیلئے مزید روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔متحدہ عرب امارات کے وزیر نے وزیراعظم عمران خان سے بھی وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے د رمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر نے وزیراعظم عمران خان کو اپنی حکومت کی جانب سے ملک میں برداشت کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں اور 2019ء کو برداشت کے سال کے طور پر منایا جانے کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے شیخ نہیان بن مبارک النہیان کو مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور بھارت میں مودی سرکار کی جانب سے حالیہ متنازعہ شہریت بل سے متاثرہ مسلمان شہریوں کے ملک گیر مظاہروں اور بھارتی پولیس کی فائرنگ سے ہونیوالی شہادتوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ معزز مہمان نے خطے میں قیام امن سے متعلق پاکستان کی کوشش کی تعریف کی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے باہمی تعلقات اور تعاون کو بڑھا کر علمی معلوماتی و صحافتی تبادلہ جات کو بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ وہ یو اے ای کے تعاون سے نیشنل لائبریری اسلام آباد میں قائم کئے گئے بک پویلین کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہی تھیں۔ یو اے ای کے وزیر رواداری شیخ نہیان بن مبارک النیہان کی نیشنل لائبریری اسلام آباد میں آمد پر وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے ان کا استقبال کیا۔ مہمان شخصیت کے ہمراہ یو اے ای کے تعاون سے نیشنل لائبریری اسلام آباد میں بک پویلین کا افتتاح کیا گیا۔ یہ پویلین متحدہ عرب امارات کی ایمبیسی کے تعاون سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی رواداری اور تعلقات کے فروغ کیلئے قائم کیا گیا ہے۔