ملائیشیا میں محصور 320 پاکستانیوں کو خصوصی پرواز کے ذریعے پرسوں واپس لانے کا فیصلہ
اسلام آباد (نیٹ نیوز) ملائیشیا میں محصور پاکستانیوں کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔ وزارت برائے سمندر پار پاکستانی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ملائیشیا میں محصور پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے قومی ائیر لائن کی خصوصی پرواز 30 اور 31 دسمبر کی درمیانی شب ساڑھے 12 بجے روانہ ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق خصوصی پرواز کے ذریعے ملائیشیا سے 300 سے زائد پاکستانی وطن واپس پہنچیں گے۔ یہ پاکستانی شہری ویزہ کی میعاد ختم ہونے اور دیگر معمولی وجوہات کی بناء پر ملائیشین حکام کی تحویل میں ہیں۔ اس سے قبل 30 مئی کو بھی وزیراعظم کی ہدایت پر ملائیشیا میں قید 320 پاکستانیوں کو پی آئی کی خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان واپس لایا گیا تھا۔