• news

مودی سرکار نے کشمیر کی تاریخ کے ساتھ بھی کھلواڑ شروع کر دیا

اسلام آباد ( جاوید صدیق) بھارت میں نریندر مودی سرکار نے کشمیر کی تاریخ کے ساتھ بھی کھلواڑ شروع کر دیا ہے۔ مودی سرکار نے پہلی مرتبہ 26 اکتوبر کو جموں وکشمیر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ 26 اکتوبر وہ دن جس میں راجہ ہری سنگھ نے غیر قانونی طورپر کشمیر کو بھارت کے ساتھ ضم کرنے کا اعلان کیا تھا اور ایک متنازعہ سمجھوتے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دیا گیا۔ اس نام نہاد سمجھوتے پر ہندوستان کے اس وقت کے گورنر جنرل لارڈ ماؤنٹ بیٹن اور مہاراجہ ہری سنگھ نے دستخط کئے تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں اگلے سال کے کیلنڈر میں یوم شہداء کو ختم کر دیا گیا ہے۔ کشمیری ہر سال 26 اکتوبر کو یوم شہداء کے طور پر مناتے آرہے ہیں۔ 2020ء کے لیے مقبوضہ کشمیر کے تعطیلات کے کلینڈر سے مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ شیخ عبداللہ کے یوم پیدائش کی تعطیل بھی ختم کر دی گئی ہے۔ شیخ عبداللہ کا یوم پیدائش ہر سال 13 جولائی کو منایا جاتا تھا اس روز مقبوضہ کشمیرمیں تعطیل ہوتی تھی جو اب ختم کر دی گئی ہے۔ مہاراجہ ہری سنگھ کے پوتے وکرم وتیا سنگھ نے26 اکتوبر کو جس دن کشمیر کو ہری سنگھ نے غیر قانونی طورپر بھارت کا حصہ بنانے کا اعلان کیا تھا عام تعطیل کرنے کے فیصلے کو سراہا ہے۔ کشمیری گزشتہ 73 برس سے مہاراجہ ہری سنگھ کے کشمیر کو بھارت میں شامل کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاج میں شہید ہونے والوں کی یاد میں یوم شہداء مناتے چلے آئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن