سپریم کورٹ کے جسٹس ریٹائرڈ محمد عارف چوہدری انتقال کر گئے چیف جسٹس کا اظہارِ افسوس
اسلام آباد(آن لائن) سپریم کورٹ کے جسٹس ریٹائرڈ محمد عارف چوہدری انتقال کر گئے۔ جسٹس ریٹائرڈ محمد عارف چوہدری کو ہارٹ اٹیک پر عمر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن جانبر نہ ہو سکے۔ چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے جسٹس ریٹائرڈ محمد عارف چوہدری کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔ جسٹس ریٹائرڈ محمد عارف چوہدری کی عمر 82 سال تھی۔ انہوں نے پسماندگان میں ایک بیوہ، تین بیٹے اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑی ہے۔ مرحوم سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس اور جسٹس ریٹائرڈ نذیر احمد کے سمدھی بھی تھے۔ جسٹس ریٹائرڈ محمد عارف چوہدری کے ایک بیٹے عثمان عارف ڈپٹی اٹارنی جنرل ہیں، سلیمان عارف کینیڈا میں رہائش پذیر ہیں۔ مرحوم ایڈوکیٹ جنرل پنجاب، وفاقی سیکرٹری قانون، چئیرمین فیڈرل سروس ٹربیونل رہے اور ریٹائرمنٹ کے بعد گیمبیا میں چیف جسٹس کے عہدے پر بھی فائز رہے۔