قومی کرکٹرز کا دوروزہ فٹنس کیمپ 6جنوری کو لاہور میں لگایا جائیگا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے زیر اہتمام قومی کرکٹرز کا2روزہ فٹنس کیمپ 6جنوری کو لاہور میں لگایا جائیگا۔سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز کے ساتھ دیگر کو بھی مدعو کیا گیا ہے، یویو ٹیسٹ کے ساتھ ایک کلومیٹر کی دوڑ لگوائی جائیگی،اس کے بعد ٹرینر جم میں مختلف طریقے سے فٹنس جانچیں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم نے گذشتہ دنوں سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز میں 1-0 سے کامیابی حاصل کی، کراچی ٹیسٹ میں بیٹسمینوں کے ساتھ بولرز نے بھی عمدہ پرفارم کیا۔اس فتح کے باوجود ٹیم مینجمنٹ بعض کھلاڑیوں کی فٹنس سے مطمئن نہیں اور انھیں بہتری لانے کا کہا گیا ہے،ذرائع نے بتایا کہ سیریز کے اختتام پر مینجمنٹ نے پلیئرز پر واضح کر دیا کہ انھیں اپنی فٹنس مزید بہتر بنانا ہوگی،2020 پاکستان کیلئے بہت اہمیت کا حامل سال ہے، ٹی 20ورلڈکپ بھی آسٹریلیا میں ہوگا،اس میں مکمل فٹ ٹیم ہی دیگر حریفوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکے گی، اس لیے فٹنس پر خاص توجہ دیں،کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ 6اور7 جنوری کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں لیا جائے گا۔