سمندری طوفان ہاگی بیس سے 100 سے زائد کتب خانوں کو نقصان پہنچا، جاپانی وزارت تعلیم
ٹوکیو(صباح نیوز) جاپانی وزارت تعلیم کے مطابق ملک میں اکتوبر میں آنے والے شدید سمندری طوفان ہاگی بیس سے 100 سے زیادہ سرکاری کتب خانوں کو نقصان پہنچا۔وزارت نے کہا کہ وسیع تر ٹوکیو علاقے شمال مشرقی توہوکو علاقے اور دوسرے مقامات پر 108 کتب خانے شدید طوفان کی وجہ سے آنے والے سیلاب، چھتوں سے پانی ٹپکنے اور عمارتی ڈھانچہ جات کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے متاثر ہوئے۔کچھ کتب خانے ابھی تک بند ہیں یا ان میں سہولیات معطل ہیں۔یونیورسٹیوں کے کتب خانوں کی تنظیم کے مطابق سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کی 9 لائبریریوں کو طوفان سے نقصان پہنچا۔ٹوکیو سٹی یونیورسٹی کی ایک لائبریری ابھی تک بند ہے کیونکہ اسکی 83000 کتابیں پانی میں بھیگ گئی تھیں جو اسکی تمام کتب کا تقریبا 30 فیصد ہے۔یونیورسٹی اپریل سے شروع ہونے والے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل لائبریری کی مرمت مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔